یوکرین کے مغربی ریجن میں بھی حملے یوکرین کے مغربی ریجن میں بھی حملے
روس کی جانب سے یوکرین کے مغربی ریجن لِفیف میں تازہ حملے کیے گئے ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ان کارروائیوں میں توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ گورنر میکسم کوزیٹسکی نے بتایا ہے کہ ریجن میں واقع دو انرجی انسٹالیشنز پر تین دھماکے ہوئے ہیں۔ لِفیف شہر کے میئر نے بھی ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا ایک تہائی حصہ بجلی اور پانی کی سہولیات سے محروم ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز روس نے یوکرین بھر میں ایسے میزائل داغے تھے۔
زیادہ شدید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے، صدر پوٹن
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین پر تازہ میزائل حملوں کو ‘دہشت گردانہ حملوں‘ کا جواب قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یوکرین میں اس سے بھی زیادہ شدید کارروائی کی جا سکتی ہے۔ پوٹن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے، جب سات ماہ سے جاری یوکرین جنگ کے دوران گزشتہ روز روسی افواج نے یوکرین کے شہری مراکز اور اہم انفراسٹرکچرز پر میزائلوں کی بارش کر دی۔ ان حملوں کی وجہ سے یوکرین بھر میں چودہ افراد ہلاک جبکہ ستانوے زخمی ہوئے ہیں۔ پوٹن نے کریمیا پل دھماکے کا الزام یوکرین پر عائد کرتے ہوئے ان حملوں کا حکم دیا تھا۔
امریکہ اور مغربی ممالک کا یوکرین سے اظہار یک جہتی
امریکہ اور مغربی ممالک نے یوکرین پر کیے گئے تازہ روسی حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کییف کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے یوکرینی ہم منصب وولودمیر زیلنسکی سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ واشنگٹن حکومت انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ بائیڈن نے کہا کہ روسی میزائل حملوں کے پیش نظر یوکرین کو دفاعی میزائل نظام فراہم کرنا اتحادی ممالک کی اولین ترجیح ہے۔ جرمن چانسلر کے علاوہ فرانسیسی اور پولستانی صدور نے بھی زیلنسکی کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔
اسرائیل اور لبنان کے مابین تاریخی ڈیل طے پا گئی
اسرائیل اور لبنان کے مابین سمندری سرحدوں کے حوالے سے ایک تاریخی ڈیل طے پا گئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے بقول امریکہ کی ثالثی کی بدولت دونوں ممالک کے مابین یہ تنازعہ حل ہو سکا ہے۔ کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد ان روایتی حریف ممالک نے اس ڈیل کو حتمی شکل دی ہے۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ اس ڈیل پر عملدرآمد کے حوالے سے کچھ رکاوٹیں پیش آ سکتی ہیں۔ اس معاہدے کے تحت زیر سمندر وسائل بشمول قدرتی گیس کے حقوق کے حوالے سے دیرینہ تنازعہ بظاہر حل ہو گیا ہے۔
مہاجرین جنہیں اپنے ملک میں ظلم وستم کا سامنا ہو انہیں واپس نا بھیجا جائے، چانسلر انگیلا میرکل
سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے مہاجرین کو واپس روانہ نہ کریں، جنہیں اپنے ممالک میں ظلم وستم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بیان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی طرف سے نانسین ایوارڈ وصول کرنے کے موقع پر دیا۔ اپنے دور اقتدار میں میرکل نے سن دو ہزار پندرہ میں مہاجرین کے لیے ملکی سرحدیں کھول دیں تھیں اور تنقید کے باوجود انہوں نے اپنے اس فیصلے کا دفاع کیا تھا۔ ان کی مہاجر دوست پالیسیوں کی ستائش میں ہی انہیں یو این ایچ سی آر نے اس متعبر ایوارڈ سے نوازا ہے۔ میرکل نے اپنے اس انعام کو مہاجرین کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں کے نام کیا ہے۔
بیرونی امداد نہ لی جائے، ہیٹی کے عوام کے مظاہرے
ہیٹی میں ہزاروں افراد نے پرامن مظاہروں میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی مسائل کے حل کی خاطر غیر ملکی معاونت حاصل نہ کی جائے۔ اس کیربیئن ریاست کو سلامتی، انسانی بحرانی مسائل اور ہیضے کی بڑھتی وبا کا بھی سامنا ہے۔ یہ مظاہرے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں، جب اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ہیٹی میں سکیورٹی کی صورتحال کو سنبھالنے کی خاطر اس ملک میں غیر ملکی امن فوجی تعینات کرنے کی ضرروت ہے۔ حالیہ دنوں میں دارالحکومت میں رونما ہونے والے پرتشدد واقعات کو روکنے کی خاطر پولیس نے آنسو گیس کے شیل بھی برسائے۔ اس ملک کو جرائم پیشہ گروہوں کی جارحیت کا سامنا بھی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کی بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بنگلہ دیش میں اپوزیشن کارکنوں کے خلاف شیخ حسینہ حکومت کی اندھا دھند کارروائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی اپوزیشن نے مطالبہ کر دیا ہے ملک میں آئندہ عام انتخابات ایک غیر جانبدار نگراں حکومت کے تحت کرائیں جائیں۔ بنگلہ دیش میں عام انتخابات اگلے سال دسمبر میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کی ایک بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی شیخ حسینہ حکومت نے تشدد کے جھوٹے الزامات کے تحت ہزاروں اپوزیشن کارکنوں پر جعلی مقدمات درج کیے ہیں۔
ایران میں حکومت مخالف مظاہروں میں مزید شدت
ایرانی حکام نے ملک کے مغرب میں واقع کرد اکثریتی علاقوں میں اپنے کریک ڈاؤن میں شدت پیدا کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے سنندج نامی علاقے میں فائرنگ بھی کی۔ مہسا امینی کی زیر حراست ہلاک کے بعد ایران بھر میں گزشتہ ایک ماہ سے پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ادھر واشنگٹن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مظاہرین پر بہیمانہ کریک ڈاؤن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تہران پر زور دیا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں نہ کی جائیں۔ ایرانی قیادت ان مظاہروں کو ختم کرانے کی کوشش میں ہے تاہم سڑکوں پر نکلنے والے افراد کی تعداد روزبروز بڑھتی جا رہی ہے۔
ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچ گئیں
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی منگل کی صبح پاکستان پہنچ گئیں۔ وہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔ وہ ایک نجی ایئر لائن کی پرواز سے اپنے والدین کے ہمراہ کراچی پہنچیں۔ ان کی حفاظت کے لیے کراچی ایئر پورٹ پر سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملالہ کو سخت حفاظتی انتظامات میں دادو میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا جائے گا۔ توقع ہے کہ وہ ملالہ فنڈ سے سیلاب زدگان کی مدد کا اعلان بھی کریں گی۔ وادی سوات میں سن 2012 میں اپنے اسکول سے واپس لوٹتے وقت طالبان کی گولیوں سے زخمی ہوجانے والی ملالہ یوسف زئی کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔
یوکرین کو ایئر میزائل دفاعی نظام فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، جرمنی
جرمنی نے کہا ہے کہ یوکرین کو ہائی ٹیک ایئر میزائل دفاعی نظام چند دونوں میں ہی فراہم کر دیا جائے گا۔ روس کی طرف سے کیے گئے تازہ میزائل حملوں میں دیگر اہم شہروں کے علاوہ کییف کو بھی نشانہ بنانے کے بعد برلن حکومت نے یوکرین کو یہ سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز روس نے یوکرین بھر میں 80 سے زائد میزائل داغے تھے۔ ادھر جی سیون رکن ممالک اس روسی جارحیت پر آج ایک ہنگامی ملاقات کر رہے ہیں، جس میں امیر ترین ممالک کے سربراہان مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا
نیوزی لینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو تیس رنز بنائے۔ محمد رضوان اور بابر اعظم کے آوٹ ہونے کے بعد پاکستان کا کمزور مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ہو گیا۔ نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہی مطلوبہ ہدف مکمل کر لیا۔ قبل ازیں پاکستان کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اپنے دونوں میچوں میں ہی کامیابی حاصل کی تھی۔
روس کا امریکہ اور نیٹو کو انتباہ
روس نے کہا ہے کہ امریکہ اور نیٹو کے ساتھ براہ راست عسکری تصادم اس کے مفاد میں نہیں ہے تاہم یوکرین میں ان کی بڑھتی ہوئی مداخلت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ روسی وزارت خارجہ کے ترجمان سرگئی رائیبکوف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو حکومت امید کرتی ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور امریکہ کو احساس ہو گا کہ واشنگٹن اور دیگر مغربی ممالک کے دارالحکومتوں میں بھی ناقابل کنٹرول کشیدگی کا خطرہ موجود ہے۔