1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئس لینڈ کے خلاف لیونل میسی کی کارکردگی مایوس کن

16 جون 2018

دنیائے فٹ بال کے اسٹار لیونل میسی نے پنلٹی کک مس کر دی، جس کی وجہ سے آئس لینڈ ارجنٹائن سے عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے کے اپنے پہلے گروپ میچ کو ایک ایک گول سے برابر کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

Russland, WM 2018:  Gruppe D: Argentinien - Island
تصویر: Getty Images/R. Pierse

عالمی کپ 2018 کے گروپ ڈی کے ایک میچ میں ارجنٹائن اور آئس لینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوا تو اسٹار لیونل میسی کی شرمندگی دیدنی تھی۔ اس میچ کے بعد سن انیس سو چھیاسی میں ورلڈ کپ جیتنے والے ملک ارجنٹائن کی موجودہ ٹیم کی کارکردگی پر کئی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

تین لاکھ تیس ہزار نفوس پر مشتمل چھوٹے سے ملک آئس لینڈ کی ٹیم نے اسٹار کھلاڑیوں والی ارجنٹائن کی ٹیم کو سخت مقابلہ دیا اور ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا کہ اسے کمزور نہ سمجھا جائے۔ یورو کپ 2016 میں بھی آئس لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے کر اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔

ورلڈ کپ روس میں لیکن پاکستان میں بھی جوش وخروش

01:40

This browser does not support the video element.

ہفتے کے دن گروپ ڈی کے اس میچ کا پہلا گول سیرجو آگُوویرو نے انیسویں منٹ میں کر کے سابق عالمی چیمپئن کو ایک صفر سے برتری تو دلوا دی لیکن آئس لینڈ کے مڈ فیلڈرز اور اسٹرائیکرز نے ارجنٹائن کے دفاع کو پریشان کیے رکھا۔

کھیل کے 23 منٹ میں ہی الفریڈ فن بوگاسن نے یہ برتری ختم کر دی۔ پھر میسی، ڈی ماریا اور آگُوویرو نے کئی مرتبہ آئس لینڈ کے گول پر حملے تو کیے لیکن انہیں کچھ کامیابی نہ ہوئی۔

اسی دوران میسی نے بھی گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کر دیے۔ اس میں سب سے بڑا چانس وہ پنلٹی کک تھی، جو آئس لینڈ کے گول کیپر ہانیس ہالڈورسن نے غیرمعمولی طور پر روک لی۔

ہالڈورسن نے میچ کے بعد کہا کہ انہوں نے میسی کا مقابلہ کرنے کے لیے خصوصی ٹریننگ حاصل کی تھی اور اس میچ میں انہوں نے میسی کی حرکات کو ٹھیک طریقے سے سمجھا۔

ارجنٹائن کے میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کو دنیائے فٹ بال کے دو بہترین کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔ ارجنٹائن اور آئس لینڈ کے میچ کے دوران میسی کی مایوس کن کارکردگی کی باعث ناقدین کا کہنا ہے کہ رونالڈو نے اسپین جیسی طاقتور ٹیم کے خلاف ہیٹ ٹرک کر کے ثابت کیا کہ ان کے اعصاب کتنے مضبوط ہیں لیکن میسی ’ایک کمزور‘ ٹیم کے خلاف بھی اپنی مضبوطی دکھانے میں ناکام رہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں