آئیوری کوسٹ: گبیگبو نے مخالفت کے باوجود حلف اٹھا لیا
4 دسمبر 2010یورپی یونین، فرانس، امریکہ اور مغربی افریقہ کی علاقائی تنظیم ایکواس کا کہنا ہے کہ اپوزیشن امیدوار الاسانے اواتارا حقیقی فاتح ہیں۔ عالمی برادری نے صدر لوروں گبیگبو پر زور دیا ہے کہ وہ شکست تسلیم کر لیں۔
آئیوری کوسٹ کے انڈیپنڈینٹ الیکٹورل کمیشن (آئی ای سی) نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ 28 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اواتارا کو 54.1 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ صدر گبیگبو کے حامیوں نے انتخابات میں وسیع پیمانے پر دھاندلی اور بے ضابطگیوں کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد آئینی کونسل نے یہ نتائج خارج کر کے صدر گبیگبو کو فاتح قرار دے دیا۔
اپوزیشن امیدوار اواتارا کا کہنا ہے کہ آئیوری کوسٹ کے منتخب صدر وہ ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئینی کونسل نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے اور یہ بات پوری دنیا کے سامنے ہے۔ اواتارا نے کہا کہ ان حالات سے ان کے ملک کی غلط تصویر دنیا کے سامنے آئی ہے، جس کا انہیں دُکھ ہے۔
وزیر اعظم گیولیام سورو نے خبردار کیا ہے کہ نتائج خارج کرنے سے ملک کو مستحکم اور متحد کرنے کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اواتارا کو صدر تسلیم کرتے ہوئے انہیں اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہیں۔
امریکی صدر باراک اوباما نے آئیوری کوسٹ کی آئینی کونسل کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ای سی، مبصرین اور اقوام متحدہ، سب نے نتائج کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جمہوری عمل کو متاثر کرنے والوں کا احتساب کرے گی۔
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے آئیوری کوسٹ کے اپنے ہم منصب پر زور دیا کہ وہ اپنے عوام کی خواہش کا احترام کریں اور ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں، جس سے تشدد کا خدشہ ہو۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی قبل ازیں گبیگبو پر زور دیا تھا کہ وہ اقتدار کی منتقلی میں تعاون کریں۔ نائجیریا کے صدر اور ایکواس کے چیئرمین گُڈلَک جوناتھن کا کہنا ہے کہ فریقین عوام کے فیصلے کو نافذ کریں، جس کا اعلان آئی ای سی کر چکا ہے۔ افریقن یونین نے بھی آئیوری کوسٹ کی سیاسی صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے۔
آئیوری کوسٹ کے ان صدارتی انتخابات کا مقصد 2002ء کی خانہ جنگی کے بعد ملک کو متحد کرنا تھا۔ دوسری جانب سیاسی بحران کے تناظر میں آئیوری کوسٹ میں تناؤ کی سی کیفیت ہے۔ انتخابات سے متعلقہ پرتشدد کارروائیوں میں اب تک چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عابد جان کی سڑکوں پر ملکی فوج کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی امن فوج کے اہلکار بھی گشت کر رہے ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: شادی خان سیف