’آئی ایس‘ کا مسیحی دیہات پر دھاوا، درجنوں اغوا کر لیے
24 فروری 2015
نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اغوا کیے گئے افراد کی تعداد کم از کم نوّے بتائی ہے جبکہ دیگر خبر رساں ادارے یہ تعداد تقریباً ستّر بتا رہے ہیں۔ اگرچہ شام اور عراق میں اپنی پیشقدمی کے دوران ان ’جہادیوں‘ نے ہزارہا افراد کو قیدی بنایا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ غالباً پہلا موقع ہے کہ شام میں آئی ایس کے جنگجوؤں نے مسیحی شہریوں کو اتنی بڑی تعداد میں اغوا کیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی ایس کی لیبیا میں موجود شاخ نے حال ہی میں مصر سے مہمان کارکنوں کے طور پر وہاں گئے ہوئے اکیس مسیحیوں کو اغوا کرنے کے بعد اُن کے سر قلم کر دیے تھے۔
اے ایف پی نے بیروت سے اپنی رپورٹوں میں سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی ایس کے عسکریت پسندوں نے حسکہ صوبے میں دو دیہات پر قبضہ کر لیا اور نوّے آشوری مسیحیوں کو اغوا کر لیا۔ جہاں نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اغوا شُدگان میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، وہاں اے ایف پی کا کہنا ہے کہ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ آیا اغوا ہونے والے مسیحی شہریوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
اس سے پہلے تک یہ گاؤں کرد جنگجوؤں کے یونٹ YPG (کُردش پیپلز پروٹیکشن یونٹ) کے کنٹرول میں تھے۔ پیر کے روز ان دونوں دیہات پر کنٹرول کے لیے کردوں اور آئی ایس کے جنگجوؤں میں شدید لڑائی ہوئی۔ جہاں یہ دونوں گاؤں آئی ایس کے قبضے میں چلے گئے ہیں، وہاں ایک قریبی گاؤں پر ابھی بھی کرد یونٹ کا کنٹرول ہے۔
شام میں مارچ 2011ء میں شروع ہونے والے تنازعے سے پہلے تک اس عرب ملک میں آشوری مسیحیوں کی تعداد محض تیس ہزار تھی اور اِن میں سے زیادہ تر صوبے حسکہ ہی میں آباد تھے۔ واضح رہے کہ شام میں مسیحی اقلیت تقریباً 1.2 ملین نفوس پر مشتمل ہے اور آشوری مسیحی اُن میں بھی ایک اقلیت مانے جاتے ہیں۔
سیریئن ریوولیوشن جنرل کمیشن (SRGC) نامی نیٹ ورک نے بتایا ہے کہ آئی ایس کے جنگجوؤں نے کردوں کے زیرِ قبضہ گاؤں کے قریب ایک گرجا گھر کو آگ لگا دی اور بعد ازاں اُس کے کھنڈر میں اپنے جنگجو تعینات کر دیے۔ SRGC نے مزید بتایا ہے کہ امریکی سرکردگی میں کردوں کا ساتھ دینے والی اتحادی فورسز نے بعد ازاں اس گرجا گھر کے کھنڈر پر بمباری کر دی، جس سے یہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور اُس میں موجود آئی ایس کے جنگجو بھی مارے گئے۔
گزشتہ ہفتے سے کرد جنگجو حسکہ صوبے کے ساتھ ساتھ پیشقدمی کرتے ہوئے الرقہ اور حلب کی جانب بھی بڑھ رہے ہیں۔ چھبیس جنوری کو کوبانی پر قبضے کے بعد سے کردوں نے درجنوں قریبی دیہات پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ YPG سے وابستہ کرد فائٹرز نے امریکی قیادت میں ہونے والے فضائی حملوں کی مدد سے الرقہ میں، جو کہ ایک طرح سے آئی ایس کا گڑھ تھا، اُنیس دیہات آئی ایس سے چھین لیے ہیں جبکہ حسکہ میں مزید تیس گاؤں اور علاقے بھی کرد جنگجوؤں کے قبضے میں چلے گئے ہیں۔