1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایم ایف ٹیم پاکستان میں، گزشتہ ڈیل کا حتمی جائزہ شروع

14 مارچ 2024

پاکستانی حکام کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا ایک وفد جمعرات کو اسلام آباد میں نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر یہ تعین کرے گا کہ آیا تین بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی حتمی قسط وصول کرنے کی شرائط پوری کر دی گئی ہیں؟

Internationaler Währungsfonds IWF Logo
تصویر: SNA/IMAGO

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ  (آئی ایم ایف)  کا ایک وفد اسلام آباد میں آج چودہ مارچ جمعرات کے دن سے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کا حتمی جائزہ لے رہا ہے۔ پاکستانی وزارت خزانہ کے مطابق ان پانچ روزہ مذاکرات کے اختتام پر اگر بیل آؤٹ پیکج سے متعلق تمام شرائط پوری ہونے کا تعین ہو گیا، تو اقتصادی جائزہ اپنے تکمیلی مراحل میں پہنچ جائے گا اور پاکستان آٹھ بلین ڈالر تک کا ایک نیا بیل آؤٹ پیکج مانگے گا۔ یاد رہے کہ موجودہ بیل آؤٹ پیکج کی میعاد رواں ماہ ختم ہو رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے تحت 2023 ء کی بیل آؤٹ ڈیل پر دونوں فریقوں نے آخری بار اتفاق کیا تھا۔

بحرانوں کا شکار پاکستان: ذمہ دار کون، فوج یا سیاست دان؟

22:32

This browser does not support the video element.

پاکستان  کو 1.1 بلین ڈالر کی حتمی قسط ملنے کا امکان ہے۔ اس ملک کو بدترین معاشی بحرانوں میں سے ایک کا سامنا ہت اور موجودہ اقتصادی بحران پر قابو پانے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے۔ یہ جنوبی ایشیائی ملک اپنی تاریخ کے بدترین اقتصادی بحران سے گزر رہا ہے۔ اس ملک کو غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے ضمن میں  ڈیفالٹ کر جانے کے خطرات کا سامنا بھی ہے۔

آئی ایم ایف کے تحت 2023 ء کی بیل آؤٹ ڈیل پر دونوں فریقوں نے آخری بار اتفاق کیا تھاتصویر: Liu Jie/Xinhua/IMAGO

پچھلے سال کے بیل آؤٹ پیکج پر شہباز شریف نے دستخط کیے تھے، جنہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے معزولی کے بعد وزارت عظمیٰ سنبھالی تھی۔

شہباز شریف آٹھ فروری کے عام انتخابات کے بعد اسی ماہ دوبارہ ملکی وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی طرف سے جائزہ مشن کی صورت میں تازہ ترین پیش رفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے، جب حال ہی میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کو ایک خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے آئی ایم ایف پر زور دیا تھا کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ کسی بھی بات چیت کو آڈٹ سے مشروط کرے۔ خاص طور پر گزشتہ ماہ کے انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلیوں کے حوالے سے، جن کے بارے میں عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اسے انتخابی مہم سے لے کر  الیکشن  کے انعقاد اور اس کے بعد تک بھی شدید کریک ڈاؤن کا سامنا رہا۔ پاکستانی حکام ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔

8 فروری کے الیکشن میں ملک میں پایا جانے والا توانائی کا بحران اور غیر ملکی مالی امداد کا موضوع بہت اہم تھاتصویر: Afifa Nasrallah/DW

ابھی تک آئی ایم ایف نے عمران خان کے اس خط پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ تاہم شہباز شریف حکومت کی طرف سے عمران خان کی طرف سے آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے پرخان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ شہباز شریف حکومت کے مطابق یہ خط لکھنا عمران خان کی طرف سے مبینہ طور پر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔

تمام مشکلات پر قابو پا لیں گے، پاکستانی عوام کے ارادے غیر متزلزل

03:49

This browser does not support the video element.

پاکستان  گزشتہ برس موسم گرما میں اپنے ذمے غیر ملکی ادائیگیوں کے حوالے سے ڈیفالٹ کر جانے سے بال بال بچا تھا۔ آئی ایم ایف نے مہینوں کی بات چیت کے بعد پاکستان کے لیے ایک بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی تھی۔ اس پس منظر میں شہباز شریف نے ابھی اسی ہفتے ہی یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ ان کی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج  دیرپا اقتصادی بحران پر قابو پانا ہے۔

ک م/م م (اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں