آئی سیف میں شامل سولہ ملکوں کا مشاورتی اجلاس
11 مئی 2010اس کانفرنس کے میزبان اور وفاقی جرمن وزیر دفاع کارل تھیوڈور سوگٹن برگ کے بقول اس مشاورت کا مقصد یہ طے کرنا ہے کہ ان ملکوں کی افغانستان میں آئندہ فوجی حکمت عملی کیا ہو گی۔
سو گٹن برگ نے آج برلن میں اس اجلاس کے آغاز سے قبل کہا کہ مقصد بین الاقوامی برادری کو یہ اشارہ دینا ہے کہ یہ سولہ ریاستیں افغانستان میں اپنے مشترکہ اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لئے آخر تک بھرپور کوششیں کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔
سلامتی امور میں مدد کرنے والی اس بین الاقوامی حفاظتی فوج ISAF کی شمالی افغانستان میں کمان جرمنی کے پاس ہے۔ وفاقی جرمن پارلیمان نے اپنے ایک اکثریتی فیصلے کے تحت اسی سال فروری میں اس فوج میں شامل جرمن دستوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد مزید بڑھا کر 5350 کر دی تھی۔
برلن میں آج بعد دوپہر شروع ہونے والے اس بین الااقوامی عسکری مشاورتی اجلاس میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو، یورپی یونین اور خود افغانستان کے نمائندے بھی حصہ لے رہے ہیں۔
دریں اثنا وفاقی جرمن پارلیمان کی انسانی حقوق سے متعلق کمیٹی کے ماحول پسندوں کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے سربراہ ٹام کوئنگز نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں آج منگل کو مطالبہ کیا کہ شمالی افغانستان میں سول نوعیت کے امدادی منصوبوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جانا چاہییں۔
ماضی میں افغانستان کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب کے فرائض انجام دیتے رہنے والے Tom Koenigs نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ افغانستان میں سلامتی کے حصول کو یقینی بنانا مستقبل میں اور بھی مشکل ہو جائے گا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی مد نظر رکھی جانا چاہیے کہ شمالی افغانستان میں شدت پسندی سے متاثرہ صرف آٹھ اضلاع کے مقابلے میں 123 اضلاع ایسے ہیں جہاں شدت پسندی امن کے لئے کوئی بڑا خطرہ نہیں رہی، اور جہاں زیادہ سے زیادہ سول امداد پہنچ سکتی ہے جو لازمی طور پر پہنچنی چاہیے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: کشور مصطفیٰ