آئی پی ایل کے سارے میچ براہ راست یوٹیوب پر
20 جنوری 2010بدھ کے روز بھارت میں گوگل کی مقامی شاخ کے ایک سینیئر مینیجر شائلیش راؤ نے ممبئی میں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں باقاعدہ اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
اس معاہدے کی شرائط کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کے تمام میچوں کو انٹرنیٹ پر لائیو سٹریم کے ذریعے دکھانے کے لئے دو سال تک تمام نشریاتی حقوق صرف گوگل کے پاس ہوں گے۔ یہ میچ آن لائن دکھاتے ہوئے کمرشل تعاون کرنے والے اداروں اور اشتہارات دینے والی کمپنیوں سے جتنی بھی آمدنی ہو گی، اس میں گوگل اور IPL دونوں برابر کے حصہ دار ہوں گے۔
گوگل انڈیا کے سینیئر مینیجر راؤ نے کہا کہ گوگل اس معاہدے پر بہت خوش ہے کہ آئی پی ایل اب اس کا عالمگیر پارٹنر ادارہ بن گیا ہے۔ ان کے بقول YouTube کی طرف سے کھیلوں اور تفریح کے شعبے کی کمپنیوں کو اس لئے ایک کھلا پلیٹ فارم مہیا کیا جاتا ہے کہ ان کے پروگراموں کو عالمگیر سطح پر صارفین تک پہنچایا جا سکے۔ "یہ پیش رفت اشتہارات دینے والے اداروں کے لئے بھی ایک سنہری موقع ہے جسے استعمال کیاجانا چاہیے۔"
آئی پی ایل کے چیئرمین للیت مودی نے بھی بدھ کے روز جاری کردہ اپنے ایک بیان کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ کا گوگل انڈیا کو اپنا پارٹنر بنانے کا منفرد فیصلہ کرکٹ کے ان مقابلوں کو صرف ایک ڈسٹری بیوشن پلیٹ فارم کے ذریعے ہی حقیقی معنوں میں ایک عالمگیر ایونٹ بنا دے گا۔
انڈین پریمیئر لیگ بھارت میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک بہت ہی مقبول ٹورنامنٹ ہے جس میں متعدد ملکوں سے تعلق رکھنے والے دنیا کے بہترین پروفیشنل کرکٹرز حصہ لیتے ہیں۔
ان مقابلوں میں ہر بار آٹھ ٹیمیں شامل ہوتی ہیں جو مختلف بڑی بڑی کاروباری شخصیات اور بالی وُڈ کے سپر سٹارز کی ملکیت ہیں۔ دوماہ بعد شروع ہونے والا IPL کا اگلا ٹورنامنٹ ان مقابلوں کا تیسرا ایڈیشن ہوگا جو مارچ میں شروع ہو کر اپریل میں اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک