1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آبادی میں مذہبی توازن برقرار رکھنا ضروری، آر ایس ایس

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو، نئی دہلی
5 اکتوبر 2022

سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ آبادی میں مذہبی عدم توازن بھارت کی تقسیم کی وجہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے آبادی کے کنٹرول کے لیے پالیسی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس پہلو کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

Mohan Bhagwat Anführer der Organisation Rashtriya Swayamsevak Sangh
تصویر: Strdel/AFP/Getty Images

بھارت میں سخت گیر ہندو اور حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی مربی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک میں آبادی پر کنٹرول کی لیے پالیسی بنانے کی ضرورت ہے اور اس میں مذہبی توازن کو برقرار رکھنا بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت دسہرا کے موقع پر تنظیم کی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ روایت کے طور پر دسہرا فیسٹیول پر تنظیم کا سربراہ اپنے کارکنان سے خطاب کرتا ہے اور ملک میں ہندوؤں کی ترجیحات کیا ہونی چاہیں، ان کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ہندو 'حلال' چیزیں استعمال نہ کریں، سنگھ پریوار کا مشورہ

آبادی میں اضافے پر آر ایس ایس  کے تحفظات

موہن بھاگوت نے ناگ پور میں آج بدھ پانچ اکتوبر کی صبح اپنے خطاب کے دوران ہندوتوا سمیت کئی موضوعات پر بات کی لیکن سب سے اہم مسئلہ آبادی کا اٹھایا اور کہا کہ اس پر قابو پانے کے لیے حکومت کو پالیسی بنانے کی ضرورت ہے تاہم اس سلسلے میں مذہبی توازن  پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے۔

بھارت: ترک شہری ایئر انڈیا کا سی ای او، آر ایس ایس ناراض کیوں؟

ان کا کہنا تھا، ''آبادی کا عدم توازن جغرافیائی حدود میں تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے ۔۔۔ آبادی پر کنٹرول اور مذہب کی بنیاد پر آبادی کا توازن ایک اہم موضوع ہے جسے اب مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔۔۔ اس لیے آبادی سے متعلق ایک جامع پالیسی وضع کرنے کی ضرورت ہے، اور اسے سب پر یکساں طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔‘‘

انہوں نے آر ایس ایس اور اس سے وابستہ تنظیموں کے اہم ایجنڈے کو دہراتے ہوئے کہا، ''شرح پیدائش تو ایک وجہ ہے، زبردستی، لالچ اور طمع کے ذریعے تبدیلی مذہب کے ساتھ ہی ہمسایہ ممالک سے غیر قانونی طور پر بھارت آنے والے افراد بھی آبادی بڑھنے کی بڑی وجوہات میں سے ہیں۔‘‘

بھارتی شہریت نہ ملنے پر سینکڑوں مایوس ہندو پاکستان لوٹ گئے

موہن بھاگوت نے ''مذہب پر مبنی عدم توازن‘‘ اور ''زبردستی مذہب کی تبدیلی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ''اس کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات نہ کیے گئے، تو اس سے ملک کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔‘‘

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے سالانہ دسہرہ کی تقریب میں یہ بھی کہا کہ خواتین کو کام کرنے کی آزادی اور تمام شعبوں میں مساوی حقوق دینا ضروری ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

انہوں نے سن 1947ء میں ہندوستان کی تقسیم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ''ہم نے خود اسے بھگتا ہے۔۔۔ اس کے لیے مشرقی تیمور، کوسوو اور جنوبی سوڈان کی مثالیں دیکھ لیں۔ آبادی میں مذاہب کے درمیان عدم توازن کی وجہ سے ابھرنے والے یہ نئے ممالک ہیں۔‘‘

بھارت: شدت پسند ہندو تنظیموں کواب مسلم پھل فروشوں سے پریشانی

واضح رہے کہ بھارت کی ہندو تنظیمیں اکثر یہ الزام لگاتی ہیں کہ مسلمانوں کی آبادی ہندوؤں کے مقابلے میں زیادہ بڑھ رہی ہے اور کئی ہندو قوم پرست رہنما ماضی میں بھی یہ مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ مسلم آبادی پر کنٹرول کی ضرورت ہے۔ حالانکہ سرکاری اعداد و شمار اور ماہرین کی رائے ان کے دعوؤں سے یکسر مختلف ہے۔

بھارت کا جناح ٹاور: تنازعہ کیا ہے؟

موہن بھاگوت کا کہنا تھا، ''آبادی کو وسائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر یہ وسائل کی تعمیر کے بغیر بڑھتی ہے، تو پھر یہ ایک بوجھ بن جاتی ہے۔ تاہم ایک اور نظریہ یہ ہے کہ آبادی کو اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔ ہمیں دونوں پہلوؤں کو ذہن میں رکھتے ہوئے آبادی کی پالیسی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

بھارت میں آبادی پر کنٹرول کی بات ہوتی رہی ہے اور اس پر قانون بنانے کا مطالبہ بھی ہوتا رہا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے بذات خود ابھی تک اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ 

بھارت میں گردواروں نے بھی نمازِ جمعہ کے لیے دروازے کھول دیے

مبصرین کے مطابق آر ایس ایس کے سربراہ  کی جانب سے کھل کر اس موضوع پر اس طرح بات کرنے کا مطلب یہ ہے کہ مودی کی حکومت بھی اب اس پر جلدی غور و فکر کر سکتی ہے۔

خواتین کو با اختیار بنانے پر زور

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے سالانہ دسہرہ کی تقریب میں یہ بھی کہا کہ خواتین کو کام کرنے کی آزادی اور تمام شعبوں میں مساوی حقوق دینا ضروری ہے: ''اپنے خاندانوں کے اندر تبدیلی شروع کرتے ہوئے، ہمیں اسے تنظیم کے ذریعے معاشرے تک لے جانا پڑے گا۔ جب تک خواتین کی مساوی شرکت کو یقینی نہیں بنایا جاتا، ملک کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''ہمیں اپنی خواتین کو با اختیار بنانا ہو گا۔ خواتین کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔‘‘

دسہرا فیسٹیول کے موقع پر ہندو ہتھیاروں کی پوجا کرتے ہیں اور اسی مناسبت سے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے نے ریاست اترا کھنڈ میں ایک فوجی چھاؤنی میں ہتھیاروں کی پوجا بھی کی۔ 

بھارت میں نماز جمعہ اتنی مشکل کیوں ہو گئی؟

04:42

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں