آتش فشاں پھٹنے سے یورپ میں سینکڑوں پروازیں منسوخ
15 اپریل 2010فضائی آمدورفت کے سلسلے میں برطانیہ، سکاٹ لینڈ، ناروے، سویڈن اور فن لینڈ کے ہوائی اڈے بہت ہی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔ پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے ناروے میں تقریباً دس ہزار مسافر پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ آئس لینڈ میں بدھ کو آتش فشاں پھٹنے سے کالا دھواں اور سفید دھند اطراف میں پھیل گئی، جس کے سبب بہت سی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
فضائی خدمات سے متعلق برطانیہ کے قومی ادارے کا کہنا ہے کہ محکمہ ء موسمیات کے مشورے پر اندرون ملک بہت سی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ادارے کے مطابق آتش فشاں کی راکھ سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے۔ مسافروں کو یقین دلایا گیا ہے کہ متاثرہ ممالک کی فضائی کمپنیوں اور محکمہ ء موسمیات سے برابر رابطہ ہے اور صورتحال پر غور کیا جارہا ہے۔
ادھر لندن کے ہیتھرواور گاٹ وک ہوائی اڈوں سے بعض پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ سکاٹ لینڈ سے آنے اور سکاٹ لینڈ جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
برطانیہ کی نجی فضائی کمپنی ’ایزی جیٹ‘ کے مطابق راکھ سے برطانیہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ برطانوی شہروں برسٹل، مانچیسٹر، کارڈف، ایسٹ مڈ لینڈ اور لندن جانے والی بہت سے پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
شمالی فن لینڈ میں بھی فضائی آمد و رفت مکمل طور پر معطل کردی گئی ہے۔ ناروے کے خبر رساں ادارے NTB کا کہنا ہے کہ شمالی روس اور ڈنمارک کے ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ فضائی آمدورفت کب تک معمول پر آسکے گی۔
واضح رہے کہ آتش فشاں کی راکھ اور دھند سے نہ صرف جہاز کے کپتان کو دشواری پیش آتی ہے بلکہ طیارے کا انجن بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ دریں اثناء آئس لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے کا ایک ماہ کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: گوہر نذیر گیلانی