آتش فشاں کھیل مقابلوں کے انعقاد میں حائل
20 اپریل 2010بھارت سے تعلق رکھنے والے وشواناتھن انند نے شطرنج کے نگران ادارے سے درخواست کی ہے کہ بدھ سے شروع ہونے والے شطرنج عالمی مقابلوں کو مؤخر کردیا جائے۔ انہیں ان مقابلوں میں شرکت کے لئے بلغاریہ پہنچنا ہےتاہم وہ اس وقت جرمن شہر فرینکفرٹ میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن بھارتی شاطر آنند کو بلغاریہ کے ویزلین ٹوپالوف کے چیلنج کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بلغاریہ کی شطرنج فیڈریشن کے صدر سٹیفن سرگیئیف نےکہا ہے کہ چیمپیئن شپ کو مؤخرکرنا بہت مشکل دکھائی دیتا ہے۔
اگلے ہفتے کے دوران جاپان میں موٹر سائیکلوں ریس مقابلوں کی گراں پری کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے سامان کی ترسیل ناممکن ہو گئی تھی۔ چین اور یورپ کے درمیان فضائی ٹریفک معطل ہے، پروازوں کی منسوخی کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اس وجہ سے فارمولا ون کا کاروان چین میں پھنس کر رہ گیا ہے۔ شنگھائی فارمولا ون میں شرکت کے بعد کاریں، متعلقہ سامان، ڈرائیور اور نگرانی کے عملے کے سینکڑوں افراد بے بسی کے عالم میں ہیں۔ شنگھائی پھنسے ہوئے افراد میں برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن بھی ہیں، جنہوں نے شنگھائی گراں پری میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پچھلے جمعہ کو یورپی جمناسٹک فیڈریشن نے جمناسٹک کی یورپی چیمپیئن شپ کو بھی ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ مقابلے برطانوی شہر برمنگھم میں شیڈیول ہیں۔ اسی طرح یورپی فٹ بال کی نگرانی کے ادارے کو بھی پریشانی لاحق ہے۔ کئی مقابلوں کو مؤخرکئے جانے کا امکان پیدا ہوچکا ہے۔ اس ادارے نے البتہ کل بدھ کو کھیلے جانے والے چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنلز کوحسب شیڈیول جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ بارسلونا کی ٹیم بذریعہ بس اطالوی شہر میلان کے لئے روانہ ہوگئی ہے۔ بارسلونا سے میلان کا تک کا بس کے ذریعے سفر دو دن کا ہے۔ اسی طرح فرانسیسی کلب لیوں بھی جرمن شہر میونخ پہنچنے کے لئے بس یا ٹرین کا ہی انتخاب کرے گی۔ لیوں کے کوچ کے نزدیک بس زیادہ بہتر رہے گی لیکن اس سے اُن کی ٹیم کو میچ کے دوران یقینی طور پر سفر کی تھکاوٹ کا احساس ہو گا۔
جاپان کی ٹینس ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے فیڈریشن کپ کے مقابلوں میں شرکت میں سفری مشکلات کے تناظر میں التواء کی درخواست کی ہے۔ جاپانی ٹیم نے اتوارکو یورپ کا سفرکرنا تھا۔ جاپان اور سلووینیہ کے درمیان فیڈریشن کپ کے میچ چوبیس اپریل سے شیڈیول ہیں۔ اسی طرح چیک جمہوریہ کی ٹیم فیڈریشن کپ کے میچوں میں اٹلی کی ٹیم کے مقابلے پر ہےاور پراگ سے روم پہنچنے میں کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
جرمنی میں واٹر پولو کی ورلڈ لیگ کے مقابلوں کا انعقاد منسوخ کردیا گیا تھا۔ یورپ میں کئی دوسرے کھیلوں کے مقابلے بشمول باسکٹ بال کو آتش فشان سے نکلنے والے دھوئیں اور راکھ نے متاثر کیاہے۔ آٹھ مئی سے ٹور ڈی اٹلی سائیکل ریس کا آغاز ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم سے ہونا ہے۔ افتتاحی تقریب کے لئے اور ریس کے دوران استعمال ہونے والے سامان کے راستے میں ہوائی ٹریفک کا تعطل آ گیا ہے۔ منتظمین کو پریشانی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ مطلوبہ سازو سامان کو بروقت پہنچانے میں انتہائی مشکلات حائل ہو جائیں گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق