'آج کا پاکستان زیادہ محفوظ اور پر امن ہے‘
3 جون 2019
برٹش ایئر ویز کا جہاز بوئینگ 787 دو سو چالیس مسافروں کو لے کر تين جون کی صبح اسلام آباد انٹرنيشنل ایئر پورٹ پر پہنچا۔ اس پيش رفت کی کئی مقامی نیوز چینلز نے کوريج کی۔ پاکستان کے کئی وزراء اور ملک میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے ایئر پورٹ پہنچ کر فلائٹ کا استقبال کیا۔ ایک ویڈیو پیغام میں وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا،''آج کا پاکستان زیادہ محفوظ اور پر امن ہے۔‘‘
برٹش ایئر ویز نے 2008ء میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل میں دھماکے کے بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشنز کا سلسلہ بند کر دیا تھا۔ اس حملے میں پچاس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ گزشتہ دس سالوں میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ اس دوران پاکستانی فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف کئی فوجی آپریشنز کیے۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر نےٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا۔ ان کا کہنا تھا، ''برٹش ایئر ویز کی واپسی پاکستان میں امن کی بحالی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔‘‘
پاکستان کی سول ای ایشن اتھارٹی کی ترجمان فرح حسین کے مطابق برٹش ایئر ویز کی تین پروازیں ہر ہفتے پاکستان لینڈ کریں گی۔
ب ج/ ع س