آخری وارم اپ میچ میں جرمنی کی جیت، کلوزے کا نیا ریکارڈ
7 جون 2014جمعے کی رات جرمن شہر مائینز میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی نے آرمینیا کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی۔ جرمنی کی طرف سے آندرے شورلے نے پہلا گول کھیل کے 52 ویں منٹ میں کیا۔ آرمینیا کی طرف سے واحد گول پنلٹی کک پر 69 ویں منٹ میں کیا گیا۔ جس کے بعد لوکاس پوڈولسکی نے 71 ویں منٹ میں دوسرا جبکہ بینیڈکٹ ہوؤڈیس نے دو منٹ بعد ہی جرمنی کے لیے تیسرا گول کر دیا۔ جرمنی کی طرف سے میچ کا چوتھا گول میروزسلاف کلوزے نے 76 ویں منٹ میں کیا جبکہ ماریو گوٹزے نے 82ویں اور88ویں منٹ میں گول اسکور کیے۔
آئندے ہفتے 36 برس کے ہو جانے والے جرمن اسٹرائیکر کلوزے نے آرمنییا کے خلاف اس دوستانہ میچ میں گول کر کے اپنے ہم وطن گیئرڈ مُلر کا چالیس سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ کلوزے نے 132 میچ کھیل کر انفرادی طور پر 69 گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ گیئرڈ مُلر نے 62 میچوں میں 68 گول کرنے کا منفرد ریکارڈ بنایا تھا۔ گزشتہ چالیس برس سے جرمنی کے لیے مُلر ہی ٹاپ اسکورر تھے۔ 1974ء کے بعد اب کوئی جرمنی کھلاڑی ان کا یہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوا ہے۔
اطالوی کلب لازیو کے لیے کھیلنے والے کلوزے نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ یہ گول میرے لیے اہمیت کا حامل ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ میں ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کے لیے کھیلوں۔‘‘ یہ امر اہم ہے کہ رواں سیزن میں کلوزے کو متعدد انجیریز کا سامنا رہا ہے اور فیفا ورلڈ کپ کے لیے جرمن قومی ٹیم میں ان کا انتخاب ان کا ’کم بیک‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر وہ چوتھے عالمی کپ میں جرمن ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
2001ء میں اپنا پہلا انٹرنیشنل گول کرنے والے کلوزے کیمرون کے خلاف وارم اپ میچ میں نہیں کھیلے تھے۔ یہ میچ دو دو گول سے برابر رہا تھا، جس کے بعد جرمن ٹیم کی کارکردگی پر تنقید بھی کی گئی تھی۔ کلوزے نے عالمی کپ مقابلوں میں چودہ گول کر رکھے ہیں۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز برازیل کے لیجنڈ کھلاڑی رونالڈو کے پاس ہے، جنہوں نے پندرہ گول اسکور کر رکھے ہیں۔ یوں کلوزے کے پاس یہ موقع بھی ہے کہ وہ عالمی کپ میچوں میں بھی انفرادی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے کے سنگ میل کو بھی عبور کر سکتے ہیں۔
جرمنی اور آرمینیا کے مابین کھیلے گئے میچ میں جرمن شائقین کے لیے ایک بری خبر یہ رہی کہ جرمن اسٹار مڈ فیلڈر مارکو روئس زخمی ہو گئے۔ بنڈس لیگا میں ڈورٹمنڈ کی نمائندگی کرنے والے روئس کھیل کے 43 منٹ میں زخمی ہوئے، جس کے بعد انہیں ہسپتال لیجانا پڑا۔ اس میچ میں ماریو گوٹزے نے 82ویں اور88ویں منٹ میں گول اسکور کیے۔
جرمن قومی ٹیم کے کوچ یوآخم لؤو نے کہا ہے کہ ابھی تک معلوم نہیں ہے کہ روئس کی صورتحال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کی مکمل طبی رپورٹ آنے تک انتظار کریں گے۔ لؤو کے مطابق فیفا قوانین کے مطابق پہلے میچ کے چوبیس گھنٹے قبل تک وہ روئس کی جگہ متبادل کھلاڑی منتخب کر سکتے ہیں۔ تاہم ناقدین کے بقول اگر روئس زخمی ہو گئے تو یہ جرمن قومی ٹیم کے لیے ایک دھچکا ہو گا۔
جرمن فٹ بال ٹیم ہفتے کے دن برازیل روانہ ہو رہی ہے، جہاں بارہ جون سے شروع ہونے والے 2104ء کے عالمی کپ میں وہ گروپ اسٹیج میں اپنا پہلا میچ پرتگال کے ساتھ سولہ جون کھیلے گی۔ گروپ جی میں جرمنی کو گھانا اور امریکا کے ساتھ بھی کھیلنا ہو گا۔