آرمینیائی باشندوں کے قتل عام کی95 ویں برسی
25 اپریل 2010پہلی عالمی جنگ کے دوران ترکی میں خلافت عثمانیہ کی حکومت کا چراغ گل ہونے کے قریب تھا۔ اس جنگ کے دوران حکومتی مشیروں کی ہدایت پر آرمینیائی باشندوں کو گھر بار چھوکڑ کر ہجرت کرنے کی ہدایت کی گئی اور اس سفر کے دوران لاکھوں افراد کی ہلاکت ہو گئے۔ اب اِس واقعے کو پچانوے برس بیت چکے ہیں۔ آرمینیا میں ہفتہ کے روز ہونے والی برسی کی تقریبات کا آغاز آرمینیا کے صدر زیرش سارکسیان نے دارالحکومت یریوان میں تعمیر کی گئی ہلاک شدگان کی یادگار پر پھول چڑھا کر کیا۔ صدر نے اس برسی کی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اُن ملکوں کا شکریہ ادا کیا، جو انصاف کے حصول کی جدوجہد میں آرمینیائی باشندوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔
آرمینیا کے کونے کونے میں ہر سال چوبیس اپریل کو پہلی عالمی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں آرمینیائی مقتولین کی یاد میں خصوصی سوگوار تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ آرمینیائی دانشوروں اور سیاسی اکابرین کا خیال ہے کہ اس دوران پندرہ لاکھ باشندے موت کے منہ میں دھکیل دئے گئے تھے۔ ان میں دانشور، شاعر، مصنفین، مصور اور سیاسی کارکن کی بھی شامل تھے۔ دوسری جانب ترکی کے تاریخی ریسرچرز کو یقین ہے کہ مہاجرت پر مجبور آرمینیائی آبادی کے زیادہ سے زیادہ دو لاکھ افراد حکومتی جبر کا نشانہ بنے تھے اور یہ قطعاً نسل کشی کے زمرے میں نہیں لایا جا سکتا۔ ترکی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوران جنگ یہ آبادی روس کی حامی ہو گئی تھی اور یہی ہلاکتوں کی بنیادی وجہ تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ترک مؤقف میں یہ بھی شامل ہے کہ اس دوران بے شمار ترک، کرد اور عیسائی افراد کی ہلاکتوں کا باعث مذہبی اور نسلی فسادات تھے۔
ہمسایہ ملکوں ترکی اور آرمینیا کے درمیان تعلقات کی بحالی میں یہ ہلاکتیں بھی حائل ہیں۔ ترکی اِس واقعہ کو قتل عام سے تعبیر کرتا ہے اور آرمینیا میں اِسے نسل کشی خیال کیا جاتا ہے۔ یریوان میں ان ہلاکتوں کو ایک قدیمی ثقافت اور کلچر کو ختم کرنے کی دور عثمانی کی شعوری کوشش کہا جاتا ہے۔ اس برسی کے تناظر میں امکاناً آرمینیا کی پارلیمنٹ نے گزشتہ سال انقرہ اور یریوان حکومتوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی توثیق مؤخر کر دی ہے۔
اس دن کے حوالے سے عالمی منظر پر اہم پیش رفت یہ ہے کہ امریکی صدر اوباما کے خصوصی بیان میں ان ہلاکتوں کو نسل کشی کی جگہ قتل عام قرار دیا گیا ہے۔ امریکی صدر کے بیان پر کئی آرمینیائی دانشوروں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی