1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آزاد فلسطینی ریاست کے حق میں ہیں : امریکی وزیر خارجہ

4 مارچ 2009

سیکورٹی کے سخت انتظامات میں اپنے پہلے دورہ مشرق وسطی کے دوسرےدن ہلیری کلنٹن نے مشرق وسطی امن عمل میں تیزی لانے کے لئے نئی امریکی انتظامیہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے فلسطینی رہنماوں سے ملاقات کی۔

ہلیری کلنٹن امریکی وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ مشر ق وسطی کا دورہ کر رہی ہیںتصویر: AP Photo/M. Spencer Green

ہلیری کلنٹن نے اس دوران فلسطینی رہنماوں کو آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے امریکہ کی بھر پور کوششوں کی یقین دہانی کروائی۔ امریکی وزیر خارجہ نے صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد رملہ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ''اوباما انتظامیہ اسرائیل ، فلسطیین اور عرب ممالک میں پائیدار امن کے لئے بھر پور طریقے سے کوشش کرے گی۔ اور اس تمام عمل میں،میں خود ذاتی طور پر شریک رہوں گی''۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کے مابین جاری تنازعہ کو حل کو دو آزاد ریاستوں طور پر دیکھتا ہے۔ ہلیری کلنٹن نے اسرائیل کی طرف سے مشرقی یروشلم میں فلسطینوں کے گھروں کو مسمار کرنے کی منصوبہ بندی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہو گا۔ کلنٹن نے مزید کہا کہ اس طرح کی کوئی بھی قدم مشرق وسطی میں قیام امن کے لئے معاون نہیں ہوگا۔

فلسطینی صدر محمودعباستصویر: AP

ہلیری کلنٹن نے کہا'' قیام امن کا حصول صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، تو جو بھی اس پائیدار امن کے حق میں ہے وہ فلسطینی حکام اور ہمارے ساتھ مل کر کام کرے کیونکہ ہم آگے بڑھنے کے لئے پر عزم ہیں''۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں حکومت سازی کے بعد امریکہ کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطی جارج میچل دوبارہ مشرق وسطی کا دورہ کریں گے۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ''اسرائیل کی نئی حکومت کو مشرقی یروشلم میں نئے گھروں کی تعیمر کو فوری طور پر بند کر دینا چاہئے اور غزہ پٹی کی ناکہ بندی ختم کر دینی چاہئے''۔

محمود عباس نے زور دیا کہ اسرائیل سے اُس وقت تک مذاکرات دوبارہ شروع نہیں کئے جائیں گےجب تک وہ قیام امن کے لئے دو ریاستی حل سمیت دیگر گزشتہ معاہدوں کو تسلیم نہیں کرتی۔

منگل کے دن ہلیری کلنٹن نے اپنے دورہ اسرائیل کے دوران صدر ہیریز سے بھی ملاقات کیتصویر: AP

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ وہ اسی ہفتے دو خصوصی نمائندے شام روانہ کر رہی ہیں جو اس اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین تنازعات کے حل کے لئے علاقائی طور پر کوئی جامع حکمت عملی ترتیب دیں گے۔

اس سے قبل منگل کے دن امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی رہنماوں سے ملاقات کے دروان انہیں امریکہ کی طرف سے غیر متزلزل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔

ہلیری کلنٹن بدھ کے دن ہی یورپی یونین اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کے لئے برسلز روانہ ہو رہی ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں