آسام کا روایتی رقص 'بیہو' گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج
15 اپریل 2023بھارت کے شمال مشرقی ریاست آسام نے جمعرات کے روز اس وقت ایک نئی تاریخ رقم کی اورگینیزبک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرالیا جب ایک ہی مقام پر سب سے زیادہ افراد نے مل کر روایتی بیہو رقص کیا۔
آسام میں وزیر اعلی ٰ ہیمنت بسوا سرما کی قیادت والی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت حالیہ برسوں میں مسلمانوں کے خلاف متعدد متنازع فیصلوں کے لیے تنقید کا نشانہ بنتی رہی ہے۔
ہم ڈانس کیوں کرتے ہیں: رقص کی سائنسی توجیحات
گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں نام درج کرانے کے لیے ریاستی حکومت نے خصوصی کوششیں کی تھیں۔ گوہاٹی کے سروس جائی اسٹیڈیم میں 11000سے زائدافراد رقص میں حصہ لینے کے لیے جمع ہوئے۔ ان میں ڈھول، نگاڑے بجانے والے اور رقص کرنے والے شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ سرما نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے بہت پہلے سے ہی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔ ریاست کے مختلف حصوں میں شرکاء اس کی مشق کررہے تھے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب آسام اور اس کے ثقافتی ورثے کو دنیا میں ایک نئی شناخت ملے گی۔ حکومت نے اس رقص میں حصہ لینے والوں کو 25000 ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کیا ہے۔
حالانکہ اس رقص کا اہتمام جمعہ 14 اپریل کو ہونا تھا لیکن ریاستی حکومت نے ایک دن پہلے ہی منعقد کرایا کیونکہ آج جمعے کو وزیر اعظم نریندر مودی گوہاٹی کا دورہ کریں گے اور ان کی موجودگی میں ہی گینیز بک کے عہدیدار ریکارڈ بنانے کی سند جار ی کریں گے۔
کیا ہے بیہو رقص؟
یوں تو شمال مشرقی ریاست آسام میں پورے سال میں تین اہم تہواروں کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن بیہاگ بیہو یا رنگالی بیہو کا تہوار ان میں سب سے اہم ہے۔ اس دوران جو خصوصی رقص کیا جاتا ہے اسے بیہو کہتے ہیں۔
پہلے یہ تہوار پورے ایک ماہ تک چلتا تھا لیکن اب زندگی کی مصروفیات نے اسے ایک ہفتے تک محدود کردیا ہے۔ لوک کہانیوں کے مطابق بیہو کا آغاز تین ہزار سا ل قبل مسیح ہوا تھا۔
رقص اعضا کی شاعری ہے، جنسیت نہیں
بیہو کا تہوار جن دنوں منایا جاتا ہے ان دنوں فصلیں کٹ چکی ہوتی ہیں اور نئے موسم کی تیاریاں شروع کرنے میں کچھ وقت ہوتا ہے۔ اس وقت میں یہ تہوار منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کے دوران کئی کھیلوں کے علاوہ بیلوں کی لڑائی، مرغوں کی لڑائی اور انڈوں کے کھیل وغیرہ بھی ہوتے ہیں۔
بیہو کے دوران نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنا شریک حیات بھی منتخب کرتے ہیں اور ایک نئی زندگی کا آغا ز کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی آج 14اپریل کو سرس جائی اسٹیڈیم میں ایک تقریب میں ریاست کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے اور بیہو رقص دیکھیں گے۔