آسيان اجلاس: روہنگيا مہاجرين کا بحران زير بحث، حل کوئی نہيں
18 مارچ 2018
آسيان کے اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ اعلاميے ميں مختلف چيلنجز کے تناظر ميں دفاعی تعلقات بڑھانے پر زور ديا گيا ہے۔ آسٹريليا ميں منعقدہ اس اجلاس ميں روہنگيا مہاجرين کا بحران خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
اشتہار
جنوب مشرقی ايشيائی ممالک کی تنظيم آسيان کے تين روزہ اجلاس کے اختتام پر آج اتوار 18 مارچ کو جاری کردہ مشترکہ اعلاميے ميں اگرچہ انسانی حقوق کے تحفظ کو يقينی بنانے کے عہد کا اظہار کيا گيا تاہم روہنگيا مہاجرين کے خلاف جاری مبينہ مظالم کے تناظر ميں رکن ملک ميانمار کی مذمت نہيں کی گئی۔ آسٹريلوی شہر سڈنی ميں اجلاس کے اختتام پر منعقدہ پريس کانفرنس ميں ميزبان ملک کے وزير اعظم ميلکم ٹرن بُل نے بتايا کہ ميانمار ميں روہنگيا مسلم اقليت کے معاملے پر تفصيلی بات چيت ہوئی اور آنگ سان سوچی نے بھی اس پر تفصيلی بریفنگ دی۔ ٹرن بُل کے بقول يہ ايک پيچيدہ بحران ہے تاہم تمام فريق انسانوں کو درپيش مسائل کا حل چاہتے ہيں۔ سنگاپور کے وزير اعظم لی سنگ لوونگ نے اس موقع پر کہا کہ روہنگيا بحران آسيان کے تمام رکن ملکوں کے ليے پريشانی کا باعث ہے ليکن اس کے باوجود يہ تنظيم بحران کے حل کے ليے مداخلت کرنے ميں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
آسيان کا اجلاس اس بار آسٹريليا ميں منقعد ہوا، گو کہ آسٹريليا اس تنظيم کا رکن ملک نہيں۔ خطے ميں چين کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے جواب ميں آسٹريليا جنوب مشرقی ايشيائی ملکوں کے ساتھ اقتصادی اور دفاعی روابط بڑھانا چاہتا ہے۔ آسٹريليا ميں آسيان اجلاس کا انعقاد اسی سلسلے کی ايک کڑی تھی۔
اجلاس ميں آسيان کے رکن ملکوں اور آسٹريليا نے مشترکہ طور پر دفاعی تعلقات و تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس بات کی ضرورت پر بھی زور ديا کہ جنوبی بحيرہ چين کے تنازعے کے تناظر ميں اسلحے کی دوڑ کو کم کيا جانا چاہيے۔ رہنماؤں نے پر تشدد انتہا پسندی جيسے مسائل سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور ديا۔
اس اجلاس ميں معاشی سطح پر بھی پيش رفت ديکھنے ميں آئی۔ ٹرانس پيسيفک پارٹنرشپ نامی آزاد تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ اس معاہدے ميں امريکا شريک نہيں۔ آسٹريلوی وزير اعظم ٹرن بُل نے آسيان کے رکن ملکوں کے رہنماؤں پر زور ديا کہ ايک اعلٰی سطحی علاقائی تجارتی پارنٹرشپ تشکيل دی جائے۔ يہ امر اہم ہے کہ آسٹريليا اور آسيان کے تمام رکن ممالک کے علاوہ چين اور بھارت ايسے کسی معاہدے کو حتمی شکل دينے کے ليے مشاورتی عمل ميں مصروف ہيں۔ امکانات ہيں کہ اسے اس سال طے کيا جا سکتا ہے۔
جنوب مشرقی ايشيائی ممالک کی تنظيم کی بنياد سن 1967 ميں رکھی گئی تھی۔ کمبوڈيا، انڈونيشيا، لاؤس، ملائيشيا، ميانمار، فلپائن، تھائی لنڈ، سنگا پور اور ويت نام اس تنظيم کے رکن ملک ہيں۔
راکھین سے کوکس بازار تک کا سفر، روہنگیا مہاجرین کی کہانیاں
روہنگیا مسلمانوں کا بحران دن بدن شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اب تک قریب تین لاکھ ستر ہزارروہنگیا مسلمان میانمار سے فرار ہو کر بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ ڈی ڈبلیو نے روہنگیا اقلیت کے ہجرت کے اس سفر کی تصویری کہانی مرتب کی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
طویل مسافت
میانمار میں راکھین صوبے سے ہزارہا روہنگیا مہاجرین ایک طویل مسافت طے کر کے بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ چھوٹے بچوں کو گود میں لاد کر دلدلی راستوں پر پیدل سفر آسان نہیں۔ یہ تصویر بنگلہ دیش میں ٹیکناف کے لمبر بل علاقے کی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
کیچڑ بھرا راستہ
اس تصویر میں عورتوں اور بچوں کو کیچڑ سے بھرے پیروں کے ساتھ کچے راستے پر چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
بیمار بھی تو اپنے ہیں
اپنا گھر چھوڑنے کی تکلیف اپنی جگہ لیکن گھر کے بزرگوں اور بیمار افراد کو چھوڑنا ممکن نہیں۔ یہ دو روہنگیا افراد اپنے گھر کی ایک معذور خاتون کو اٹھا کر لے جا رہے ہیں۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
کریک ڈاؤن کے بعد
میانمار کی فوج کے کریک ڈاؤن سے شروع ہونے والے تنازعے میں خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے روہنگیا افراد میں زیادہ تعداد بھی عورتوں اور بچوں ہی کی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
منظم حملے
پچیس اگست کو میانمار میں روہنگیا جنگجوؤں نے پولیس تھانوں پر منظم حملے کیے تھے، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی شروع کر دی تھی۔ جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین شروع ہونے والی ان جھڑپوں کے باعث زیادہ تر نقصان روہنگیا باشندوں کو ہی اٹھانا پڑا ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
کئی سو ہلاکتیں
محتاط اندازوں کے مطابق اس تشدد کے نتیجے میں کم از کم چار سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے اکثریت روہنگیا کی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
نف دریا
میانمار سے بنگلہ دیش کی سرحد عبور کرنے کے لیے دریا بھی پار کرنا پڑتا ہے۔ درمیان میں ’نف‘ نامی دریا پڑتا ہے، جسے کشتی کے ذریعے عبور کیا جاتا ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
الزام مسترد
میانمار کی حکومت ایسے الزامات مسترد کرتی ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور انہیں ہلاک یا ملک بدر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
سرحدی راستے
بنگلہ دیش پہنچنے کے لیے میانمار سے روہنگیا مسلمان مختلف سرحدی راستے اپناتے ہیں۔ زیادہ تر ٹیکناف اور نیخن گھڑی کی طرف سے آتے ہیں۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
گھروں کے جلنے کا دھواں
روہنگیا کمیونٹی کے گھروں کے جلنے کا دھواں بنگلہ دیش کے ٹیکناف ریجن سے گزرنے والے دریائے نف کے اس پار سے دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
چھبیس سو مکانات نذر آتش
دو ستمبر کو میانمار کی حکومت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شمال مغربی ریاست راکھین میں کئی دہائیوں کے دوران پیش آنے والے ان بدترین واقعات میں 2600 مکانات نذر آتش کیے جا چکے ہیں۔ تاہم حکومت کا الزام تھا کہ گھروں کو آگ لگانے کے ان واقعات میں روہنگیا ہی ملوث ہیں۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
جانور بھی ساتھ
بنگلہ دیش میں نقل مکانی کر کے آنے والے بعض روہنگیا افراد اپنے جانوروں کو ساتھ لانا نہیں بھولے۔ ایسی صورت میں یہ مہاجرین نف دریا کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
کوکس بازار
مہاجرین کی کچھ تعداد اب تک بنگلہ دیش کے کوکس بازار ضلع میں قائم عارضی کیمپوں میں جگہ ملنے سے محروم ہے۔ اس تصویر میں چند مہاجرین کوکس بازار کے قریب ٹیکناف ہائی وے پر کھڑے جگہ ملنے کے منتظر ہیں۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
سڑک کنارے بسیرا
جن لوگوں کو کیمپوں میں جگہ نہیں ملتی وہ سڑک کے کنارے ہی کہیں بسیرا کر لیتے ہیں۔ اس روہنگیا خاتون کو بھی چھوٹے بچوں کے ساتھ کھلے آسمان تلے رات گزارنی پڑ رہی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
زیادہ بڑے شیلٹر
ٹیکناف کے علاقے میں بنگلہ دیشی حکومت روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے زیادہ بڑے شیلٹر بنا رہی ہے تاکہ جگہ کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
دو لاکھ سے زیادہ بچے
میانمار کے روہنگیا مہاجرین میں دو لاکھ سے زیادہ بچے ہیں جو ان پناہ گزینوں کا ساٹھ فیصد ہیں۔
میانمار سے ان مہاجرین کی زیادہ تعداد جنوب مشرقی بنگلہ دیش کے ضلعے کاکس بازار پہنچتی ہے، کیونکہ یہی بنگلہ دیشی ضلع جغرافیائی طور پر میانمار کی ریاست راکھین سے جڑا ہوا ہے، جہاں سے یہ اقلیتی باشندے اپنی جانیں بچا کر فرار ہو رہے ہیں۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
مہاجرین کی کہانیاں
بنگلہ دیش پہنچنے والے ہزارہا مہاجرین نے بتایا ہے کہ راکھین میں سکیورٹی دستے نہ صرف عام روہنگیا باشندوں پر حملوں اور ان کے قتل کے واقعات میں ملوث ہیں بلکہ فوجیوں نے ان کے گھر تک بھی جلا دیے تاکہ عشروں سے راکھین میں مقیم ان باشندوں کو وہاں سے مکمل طور پر نکال دیا جائے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
اقوام متحدہ کا مطالبہ
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حال ہی میں میانمار سے مطالبہ کیا ہے کہ راکھین میں حالات کو قابو میں لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ روہنگیا مسلمانوں کو میانمار میں کئی دہائیوں سے امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ ان کے پاس کسی بھی ملک کی شہریت نہیں ہے اور ینگون حکومت انہیں غیر قانونی تارکین وطن قرار دیتی ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
بیس ہزار مہاجرین روزانہ
رواں ہفتے عالمی ادارہ برائے مہاجرت نے کہا تھا کہ روزانہ کی بنیادوں پر اوسطا بیس ہزار روہنگیا بنگلہ دیش پہنچ رہے ہیں۔ اس ادارے نے عالمی برداری سے ان مہاجرین کو فوری مدد پہنچانے کے لیے 26.1 ملین ڈالر کی رقوم کا بندوبست کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
تین لاکھ ستر ہزار پناہ گزین
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک تین لاکھ ستر ہزار روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔ ان افراد کو بنگلہ دیشی علاقے کوکس بازار میں بنائے گئے عارضی کیمپوں میں رکھا جا رہا ہے۔
تصویر: DW/M.M. Rahman
خوراک کی قلت
عالمی ادارہ مہاجرت کے مطابق بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ انہیں بنیادی ضروریات زندگی کی اشیا بھی دستیاب نہیں اور خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے۔