1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردییورپ

آسٹریا: حملے کی دھمکی کے سبب ٹیلر سوئفٹ کے پروگرام منسوخ

8 اگست 2024

آسٹریا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے ویانا کے آس پاس دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اسی کے پیش نظر معروف امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ کے تین پروگرام منسوخ کرنے پڑے۔

ٹیلر سوئفٹ
معروف امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ اس وقت 'ایراز ٹور' کے حصے کے طور پر پورے یورپ میں پروگرام پیش کر رہی ہیں تصویر: Marius Becker/dpa/picture alliance

آسٹریا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کنسرٹ کے مقام پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں دو افراد کی گرفتاری کے اعلان کے بعد، امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ کے رواں ہفتے کے اواخر میں دارالحکومت ویانا میں ہونے والے تین شوز کو منسوخ کر دیا گیا۔

طالبان نے انتہائی دائیں بازو کے آسٹرین رہنما کو رہا کر دیا

ٹیلر سوئفٹ کو پرموٹ کرنے والی کمپنی 'باراکڈا میوزک' نے بدھ کے روز رات دیر گئے انسٹاگرام پر کہا، "سرکاری حکام نے ارنسٹ ہیپل اسٹیڈیم میں ایک منصوبہ بند دہشت گردانہ حملے کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد ہمارے پاس سب کی حفاظت کے لیے تین طے شدہ شوز کو منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔"

آسٹریا میں غیر معمولی رفتار سے پگھلتےگلیشیئرز

کمپنی نے مزید کہا کہ وہ تمام افراد جنہوں نے کنسرٹ کے لیے ٹکٹ خریدا تھے، ان کے ٹکٹ کے پیسے واپس کر دیے جائیں گے۔

خود کشی میں معاونت، آسٹریا نے قانون منظور کر لیا

واضح رہے کہ معروف امریکی فنکارہ ٹیلر سوئفٹ اس وقت "ایراز ٹور" کے حصے کے طور پر پورے یورپ میں پروگرام پیش کر رہی ہیں۔ اسی ایراز ٹور کے حصے کے طور پر انہیں جمعرات، جمعہ اور ہفتے کے روز ویانا میں بھی شو کرنا تھا۔

آسٹریا کا سیاسی بحران ختم، نئے چانسلر نے حلف اٹھا لیا

آسٹریا کے چانسلر کارل نیہمر نے کنسرٹس کی منسوخی کو سوئفٹ کے مداحوں کے لیے ایک "تلخ مایوسی" قرار دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ "ویانا میں منصوبہ بند دہشت گردی کے حملے کی صورتحال بظاہر بہت سنگین تھی۔"

کیا ویانا کی بدنام زمانہ ’ہٹلر بالکونی‘ پبلک کے لیے کھولی جانا چاہیے؟

انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر سکیورٹی سروسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ایک پوسٹ میں کہا، "خطرے کی جلد ہی نشاندہی کر لی گئی، تدابیر کی گئیں اور ایک سانحے کو روک دیا گیا۔"

ٹیلر سوئفٹ کو پرموٹ کرنے والی کمپنی نے کہا کہ وہ تمام افراد جنہوں نے کنسرٹ کے لیے ٹکٹ خریدا تھے، ان کے کٹ کے پیسے واپس کر دیے جائیں گےتصویر: Christian Charisius/dpa/picture alliance

دو گرفتاریاں منسوخی کا باعث

بدھ کے روز ہی آسٹریا کی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے "ویانا میں ہونے والے واقعات کے خلاف دہشت گردانہ حملے" کی منصوبہ بندی کے شبہے میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بیان کے مطابق بنیادی مشتبہ شخص انیس سال کا ایک لڑکا ہے۔

آسٹرین پرائمری اسکولوں میں ہیڈ اسکارف پر پابندی غلط، آئینی عدالت

آسٹریا کی وزارت داخلہ میں پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل فرانز روف نے صحافیوں کو بتایا کہ آسٹریا کے سب سے بڑے فٹ بال اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیلر سوئفٹ کے پروگرام مرکزی مشتبہ افراد کے ممکنہ اہداف میں شامل تھے۔

بنیاد پرستاوں کی مساجد بند کر دیں گے، آسٹریا

انہوں نے کہا، "ہم نے متعلقہ تیاری کے اقدامات کی نشاندہی کی اور یہ پتہ چلا کہ ویانا میں ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹس پر ایک انیس سالہ نوجوان کی توجہ مرکوز تھی۔"

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد چھاپے اور گرفتاریاں مقامی اور وفاقی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کے نتیجے میں ہوئیں۔

کیمیائی مواد کی ضبطی

وزارت داخلہ نے بتایا کہ پولیس نے مرکزی مشتبہ شخص کے اپارٹمنٹ سے کیمیائی مادہ ضبط کیا اور دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر قریبی گھروں اور نرسنگ ہوم کے کچھ حصے کو پہلے ہی محفوظ کر دیا گیا تھا۔

روف نے کہا کہ دونوں مشتبہ افراد انتہا پسندی کی طرف آن لائن مائل ہوئے اور انہوں نے حملوں کی تیاری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان نے، تو خود ساختہ "اسلامک اسٹیٹ" نامی دہشت گرد گروپ سے وفاداری کا عہد بھی کیا تھا۔

روف نے بتایا کہ 19 سالہ نوجوان آسٹریائی شہری کو بدھ کی صبح لوئر آسٹریا کے صوبے ٹرنیٹز سے گرفتار کیا گیا۔ اور اس کے بعد دوپہر کے وقت دوسری گرفتاری دارالحکومت ویانا میں ہوئی۔ تاہم دوسرے مشتبہ شخص کے بارے میں پولیس نے عمر یا اس کی جنس کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ویانا میں جو پروگرام ہونے والے ہیں، اس کے لیے پولیس کی سخت موجودگی اور حفاظتی پروٹوکول کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں ٹیلر سوئفٹ کے تین کنسرٹس بھی شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی وارننگ کی سطح بلند ہے اور اس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، اے پی، ڈ پی اے، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں