1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی عام انتخابات: معلق پارلیمنٹ کا قوی امکان

22 اگست 2010

ہفتہ کے روز آسٹریلیا میں ہونے والے عام الیکشن میں حکمران لیبر پارٹی اور اپوزیشن کی قدامت پسند جماعت لبرل کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ دونوں پارٹیاں واضح اکثریت سے محروم ہیں اور ایک مخلوط حکومت کا قوی امکان ہے۔

جولیا گیلارڈآسٹرلیا کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیںتصویر: AP

آسٹریلیا میں پہلی بار وزارت عظمیٰ کے منصب پر براجمان ہونے والی خاتون سیاستدان جولیا گیلارڈ نے اس کا اعتراف کر لیا ہے کہ ان کی جماعت کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ وہ آٹھ ہفتے قبل اپنی پارٹی کی لیڈر چنی گئی تھیں۔ اس صورتحال میں اب اگر لیبر پارٹی حکومت سازی کرتی ہے، تو اسے گرین پارٹی اور آزاد اراکین کی حمایت حاصل کرنا ہو گی۔

مقامی مبصرین کا خیال ہے کہ لیبر پارٹی کی ہزیمت میں پارٹی کی اندرونی چپقلش نےبھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ عوام نے کیون رَڈ کو وزیراعظم منتخب کیا تھا لیکن پارٹی کے اندر ان کے خلاف اٹھنے والی ایک مخالفانہ روکے نتیجے میں وہ وزارت عظمیٰ سے فارغ کر دیئے گئے۔ کیون رڈ سن 2007 میں شاندار سیاسی کامیابی کے بعد وزیر اعظم بنے تھے۔ اس سال جون میں ان کی غیر مقبولیت کی وجہ سے انہیں اس منصب سے ہٹنا پڑا تھا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق جولیا گیلارڈ کی سیاسی جماعت کو زیادہ سے زیادہ72 نشستیں ہی حاصل ہو سکتی ہیں۔ آسٹریلوی پارلیمنٹ میں اکثریت کے لئے کم از کم 76 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

آسٹرییلوی اپوزیشن لیڈر ٹونی ایبٹ نے کہا ہےکہ وہ حکومت بنانے کے لئے تیار ہیںتصویر: AP

انتخابی نتائج کے تناظر میں جولیا گیلارڈ کا کہنا ہے کہ وہ عوامی رائے کا احترام کرتی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر ٹونی ایبٹ کی قدامت پسند جماعت لبرل کے انتخابی اتحاد کو زیادہ سے زیادہ 73 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ اس طرح دونوں بڑی جماعتیں حکومت سازی کے آسان ہدف کے قریب پہنچ کر بھی بہت دور ہیں۔ ٹونی ایبٹ نے انتخابی نتیجے کے بعد کہا کہ یہ عوام کی زور دار آواز ہے اور لبرل پارٹی ایک بار پھر عوام کے اعتماد پر اترنے کی کوشش کرے گی۔

آسٹریلیا میں اس بار گرین پارٹی امکانی طور پر کنگ میکر کا رول ادا کر سکتی ہے۔ اس کوگیارہ فیصد سے زائد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ گرین پارٹی کے لیڈران کا خیال ہے کہ ان کی سیاسی جماعت اب آسٹریلوی سیاست میں ایک فعال قوت بن کر تیسری بڑی سیاسی جماعت کی حیثیت حاصل کر گئی ہے۔

آسٹریلوی عام انتخابات میں ایوان زیریں کی 150 نشستوں اور سینٹ کی 76 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔ سن دو ہزار سات کے انتخابات میں لیبر پارٹی کامیاب ہوئی تھی اور گزشتہ 78 سالہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ تھا کہ آسٹریلیا میں کسی ایک پارٹی نے حکومت بنائی ہو وگرنہ آسٹریلیا میں معلق پارلیمنٹ ہی دیکھنے میں آتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں