1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی پروفیسر نے ایران کی جاسوس بننے سے انکار کر دیا

23 جنوری 2020

برطانوی میڈیا کے مطابق تہران کی ایک جیل میں قید میلبورن یونیورسٹی کی پروفیسر کیلی مور گلبرٹ نے اپنی رہائی کے بدلے ایران کے لیے جاسوسی کرنے کی پیش کش کو مسترد کر دیا ہے۔

Dr Kylie Moore-Gilbert bei der TV-Sendung "Modern Middle East " in Melbourne
تصویر: Reuters/THE MODERN MIDDLE EAST

برٹش آسٹریلین ڈاکٹر کیلی مور گلبرٹ مشرق وسطیٰ امور کی ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ میلبورن یونیورسٹی میں اسلامی علوم کی پروفیسر بھی ہیں۔ وہ سن دو ہزار اٹھارہ سے تہران کے شمال میں واقع اوین جیل (زندان اوین) میں قید ہیں۔ ان کو جاسوسی کرنے کے الزام میں دس برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ کیلی مور نے جیل حکام کو ایک خط لکھا تھا، جو خفیہ طریقے سے برطانوی اخبار گارڈین اور ٹائمز آف لندن تک پہنچا اور انہوں نے گزشتہ منگل کو یہ شائع کیا تھا۔

امریکا میں قائم ادارے ’سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران‘ نے بھی ڈاکٹر کیلی مور کے خطوط میں سے چند اقتباسات شائع کیے ہیں۔

کیلی مور گلبرٹ نے ہاتھ سے لکھے گئے ایک خط میں اپنے کیس مینجر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے، ’’میں جاسوس نہیں تھی اور میں نے کبھی بھی کسی ملک یا تنظیم کے لیے جاسوسی نہیں کی اور مجھے نہ ہی جاسوسی کرنے میں کوئی دلچسپی ہے۔ لہذا میرے اس خط کو پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس برانچ کی طرف سے جاسوسی کرنے کی پیش کش کے جواب میں قطعی طور پر انکار سمجھا جائے۔‘‘

انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے، ’’میں ایران کی قید سے نکل کر ایک آزاد عورت بن کر ایک آزاد زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔ میں دھونس اور دھمکیوں کے سائے میں زندگی بسر نہیں کرنا چاہتی۔‘‘

کیلی مور گلبرٹ نے گزشتہ برس دسمبر میں آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کو بھی ایک خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے اپنی رہائی کے لیے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی تھی۔

آسٹریلیا میں ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر ایلین پیئرسن نے بدھ بائیس جنوری کو اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا تھا، ’’اس طرح ایک آسٹریلوی کو یرغمال بنا کر رکھنا ناقابل قبول ہے۔‘‘  ایلین پیئرسن نے بھی آسٹریلوی حکومت سے اپیل کی ہے کہ کیلی مور کی رہائی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے آج تیئس جنوری کو ایک مرتبہ پھر ٹویٹ کرتے ہوئے کیلی مور  کے خط کا ذکر کیا اور ان کے ساتھ ایرانی جیل میں ہونے والے سلوک کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

ع ش / ا ا (ڈی پی اے، روئٹرز) 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں