1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا جانے والے تارکین وطن میں بھارتی سب سے زیادہ

حرا مرید3 جون 2013

آسٹریلیا جا کر وہاں مستقل سکونت اختیار کرنے والے تارکین وطن میں پہلی مرتبہ بھارتی باشندوں کا تناسب سب سے زیادہ ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں کچھ عرصہ قبل تک چینی باشندے پہلے نمبر پر تھے۔

تصویر: Getty Images

سڈنی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ بات آسٹریلوی حکومت کی پیر کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہی گئی۔ ’آسٹریلیا میں تارکین وطن کی آمد سے متعلق رجحانات‘ نامی یہ رپورٹ ایشیائی ملکوں کے شہریوں کے ترک وطن کر کے آسٹریلیا میں آباد ہونے کے واضح رجحان کی نشاندہی کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سن 2011 اور 2012ء کے دوران جن ملکوں سے وہاں کے شہریوں نے سب سے بڑی تعداد میں آسٹریلیا کی طرف نقل مکانی کی، ایسے دس بڑے ملکوں میں سے سات ایشیائی ممالک تھے۔

اس رپورٹ میں تارکین وطن سے متعلقہ امور کے آسٹریلوی وزیر برینڈن اوکونر نے کہا ہے کہ 1996ء سے لے کر 2011ء تک آسٹریلیا کے بیرون ملک پیدا ہونے والے شہریوں کی آبادی میں 40 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا اور ان کی مجموعی تعداد چھ ملین سے تجاوز کر گئی۔

اوکونر کے مطابق اسی عرصے میں آسٹریلیا میں وہیں پر پیدا ہونے والے شہریوں کی آبادی میں قریب 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی زیادہ تعداد میں آمد کی وجہ سے آبادی میں ہونے والی تبدیلیاں اس لیے بھی اہم ہیں کہ آسٹریلوی آبادی کے مجموعی طور پر بوڑھے ہوتے جانے کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔

کینبرا حکومت تارکین وطن کی آمد کے حوالے سے ہنرمند غیر ملکیوں کو بہت ترجیح دیتی ہے۔ ایسے کارکنوں کے ذریعے افرادی قوت کی مقامی منڈی میں پیدا ہونے والی کمی کو بخوبی پورا کیا جا سکتا ہے۔

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2011ء اور 2012ء کے دوران آسٹریلیا میں مستقل رہائش اختیار کرنے والے بھارتی باشندوں کی تعداد 29 ہزار سے بھی زیادہ رہی۔ یہ تعداد تب سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 12.7 فیصد زیادہ تھی۔

اسی عرصے میں بھارتی باشندوں کے بعد چینی شہری دوسرے اور برطانوی باشندے تیسرے نمبر پر رہے۔ آسٹریلیا میں آباد ہونے کے حوالے سے اس فہرست میں فلپائن کے شہریوں کا نمبر چوتھا اور جنوبی افریقی تارکین وطن کا نمبر پانچواں رہا۔

ان اعداد و شمار کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران بھارتی نژاد آسٹریلوی باشندوں کی مجموعی تعداد میں چار گنا اور چینی نژاد شہریوں کی آبادی میں تین گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

آسٹریلیا میں آج تک جتنے بھی تارکین وطن نے مستقل رہائش اختیار کی ہے، ان میں سے زیادہ تر پیدائشی طور پر برطانوی تھے۔ اس وقت آسٹریلیا کی قریب 23 ملین کی کل آبادی میں سے 1.18 ملین افراد ایسے ہیں جو برطانیہ میں پیدا ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ قریب پانچ لاکھ 65 ہزار آسٹریلوی شہری ایسے ہیں جو نیوزی لینڈ میں پیدا ہوئے تھے اور تین لاکھ 91 ہزار باشندے ایسے ہیں جو پیدا تو چین میں ہوئے تھے مگر آج آسٹریلوی شہری ہیں۔

hm/mm(AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں