1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا میں امیگریشن قوانین میں سختی

9 فروری 2010

آسٹریلیا کے وزیر برائے امیگریشن کرس ایوانز نے اعلیٰ ہنرمند افراد کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے مطابق اب کم طلب کے حامل ہنر مند افراد کے لئے نقل مکانی کر کے آسٹریلیا میں آباد ہونا آسان نہیں ہوگا۔

تصویر: AP

پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کرس ایوانز نے اس نئے ٹرینڈ پر تنقید کی، جس کے ذریعے بڑی تعداد میں ہیرڈریسرز ہنرمند افراد کے طور پر آسٹریلیا آ رہے ہیں۔ ایوانز نے 106 شعبوں سے وابستہ ہنرمند افراد کی فہرست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس فہرست پر ازسرنو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے اس بیان کا کان کنی کی شعبے نے خیر مقدم کیا ہے۔

آسٹریلیا میں گزشتہ کچھ عرصے میں چین کے ساتھ کوئلے کی فروخت کے حوالے سے کئے گئے بڑے معاہدوں کے باعث کان کنی کا شعبہ طلب کے اہداف پورے کرنے کے حوالے سے دباؤ کا شکار ہے۔ ابھی چند روز قبل ایک آسٹریلوی کمپنی نے چین کے لئے اگلے 20 برسوں تک 30 ملین ٹن سالانہ کے لحاظ سے کوئلے کی برآمد کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس کے علاوہ خام مال کی برآمدات کے لحاظ سے بھی کان کنی کے شعبے کے لئے بڑی تعداد میں اعلیٰ ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔

ہزاروں طلبہ آسٹریلوی شہریت کے حصول کے لئے بال کاٹنے کی تربیت حاصل کرتے ہیںتصویر: AP

ایوانز نے ایک آسٹریلوی ریڈیو سے بات چیت میں کہا کہ آسٹریلوی جامعات میں ہزاروں طلبہ ایسے ہیں، جو بال کاٹنے کی تعلیم صرف اس لئے حاصل کر رہے ہیں کیونکہ ہنر مند افراد کی فہرست میں اسے اہم جگہ دی گئی ہے، اسے اہم ہنر سمجھا گیا ہے اور اس طرح ان طلبہ کو بآسانی آسٹریلیا کی شہریت مل سکتی ہے۔ ’’ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمیں واقعی اعلیٰ ہنر مند افراد مل رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہ کہا کہ ’’اعلیٰ مطلوبہ ہنر‘‘ کی نئی فہرست میں صحت کے شعبے بشمول ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ کان کنی کے شعبے کو بھی درکار ہنر کی فہرست میں اہم جگہ دی جائے گی۔

آسٹریلین مائننگ اینڈ مٹیریل ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو سٹیو نوٹ نے ایک آسٹریلوی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے اس حکومتی فیصلہ کی تعریف کی:’’ہمیں نئی ملازمتوں کے لئے لوگ چاہئیں تاکہ بہت سے نئے منصوبے کے اہداف کی تکمیل ہو پائے۔ ان ملازمتوں اور افرادی قوت کی طلب میں نئے منصوبے کے آغاز پر اور بھی اضافہ ہوگا۔‘‘

نوٹ نے کہا کہ آسٹریلیا کے شمال مغربی علاقوں میں ایسے افراد کی بہت زیادہ ضرورت ہے اور وہاں باہنر افراد کے لئے بڑے پیمانے پر مواقع موجود ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں