1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا میں دنیا کی سب سے بڑی بیٹری کی تعمیر مکمل

شمشیر حیدر اے پی
2 دسمبر 2017

جنوبی آسٹریلیا میں دنیا کی سب سے بڑی لیتھیم آئن بیٹری کی تعمیر مکمل ہو گئی۔ ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ نے رواں برس ستمبر میں بیٹری کی تعمیر سو دن میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

Australien Tesla Batterie Park
تصویر: Reuters/D. Gray

جنوبی آسٹریلیا کی صوبائی حکومت اور ٹیسلا کے مابین قابل تجدید توانی کے لیے سو میگا واٹ لیتھیم آئن بیٹریوں کی تعمیر کا معاہدہ رواں برس ستمبر میں طے پایا تھا۔ ٹیسلا کے سربراہ ایلون مُسک نے اس کی تعمیر سو دن میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

روبوٹ ٹیکسیاں، کارساز اداروں کا اہم ہدف

’پاور وال‘ توانائی کا انفراسٹرکچر بدل دے گا، ٹیسلا

’کار ساز ادارے بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث‘

یکم دسمبر بروز جمعہ جنوبی آسٹریلیا کے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ دنیا کی اس سب سے بڑی بیٹری کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور اسے ملکی گرِڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق جمعرات کی سہ پہر جب جنوبی آسٹریلیا میں درجہ حرارت تیس ڈگری تک پہنچا تو اس بیٹری نے قومی گرڈ میں ستر میگا واٹس بجلی فراہم کرنا شروع کر دی تھی۔

دنیا کی سب سے بڑی لیتھیم بیٹری کی تکمیل کے اس موقع پر صوبائی وزیر اعلیٰ جے ویدریل کا کہنا تھا، ’’جنوبی آسٹریلیا اب دنیا بھر میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سب سے آگے ہے۔ اس بیٹری سے شہری اور کاروباری ادارے چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن بجلی حاصل کر پائیں گے۔‘‘

ٹیسلا نے دنیا کی سب سے بڑی بیٹری کی تعمیر سو دن میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ کام ساٹھ دن ہی میں مکمل کر لیا گیا۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ جنوبی آسٹریلیا میں موسم گرما کا آغاز بھی دسمبر کے مہینے میں ہو جاتا ہے جس کے بعد بجلی کی طلب میں کافی زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے۔

سمندر کی لہروں سے توانائی حاصل کرنا

04:26

This browser does not support the video element.

ٹیسلا کے مطابق بجلی بند ہونے کی صورت میں دنیا کی سب سے بڑی یہ بیٹری تیس ہزار سے زائد گھروں کو ایک گھنٹے تک مسلسل بجلی فراہم کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

لیتھیم آئن بیٹری کی تعمیر ایڈیلیڈ سے دو سو کلو میٹر دور جیمز ٹاؤن کے علاقے میں کی گئی ہے۔ اس علاقے میں فرانسیسی کمپنی نیون نے ہوا کی مدد سے بجلی پیدا کرنے والی پون چکیوں کے پلانٹ لگا رکھے ہیں۔ لیتھیم آئن بیٹریاں ان پون چکیوں سے حاصل کی گئی بجلی اسٹور کریں گی جس کے بعد نیشنل گرڈ میں بجلی کی فراہمی میں استحکام پیدا ہو گا۔

آسٹریلیا کو بجلی کے بحران کا سامنا ہے اور گرِڈ آپریٹرز کے مطابق جنوب مشرقی آسٹریلیا میں اگلے برس قدرتی گیس سے پیدا کی جانے والی بجلی انتہائی کم ہو جائے گی۔ اس صورت حال میں حکام متبادل اور قابل تجدید توانائی کے حصول پر توجہ دے رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ دنیا کی اس سب سے بڑی لیتھیم آئن بیٹری کی تعمیر پر کتنی لاگت آئی ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں