1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلافغانستان

آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ مجوزہ ون ڈے سیریز منسوخ کر دی

12 جنوری 2023

آسٹریلیا اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ون ڈے میچوں کی سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق یہ سیریز افغانستان میں طالبان کی طرف سے خواتین اور لڑکیوں پر مزید پابندیاں لگائے جانے کے باعث منسوخ کی گئی۔

Cricket Afghanistan
تصویر: Anjum Naveed/AP Photo/picture alliance

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی طرف سے جمعرات بارہ جنوری کے روز کہا گیا کہ اس سال مارچ کے مہینے کے لیے طے شدہ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی یہ سیریز اس لیے منسوخ کی گئی کہ کابل میں طالبان کی حکومت کی طرف سے ہندوکش کی اس ریاست میں خواتین اور لڑکیوں پر لگائی گئی پابندیاں ختم کیے جانے کے بجائے ان میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کو پہلی بار اپنی میزبانی میں وائٹ واش

افغانستان میں برسراقتدار طالبان نے گزشتہ ماہ ملکی خواتین کے یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ اس سے قبل ہائی اسکولوں کی طالبات کے حصول تعلیم پر بھی انہوں نے گزشتہ برس مارچ میں پابندی لگا دی تھی۔ مزید یہ کہ اب افغان خواتین اور لڑکیوں کا پارکوں اور فٹنس سینٹرز میں جانا بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانا تھی

کرکٹ آسٹریلیا نے افغان کرکٹ ٹیم کے ساتھ تین ون ڈے میچوں کی جو سیریز آج منسوخ کر دی، وہ مارچ کے مہینے میں خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانا تھی۔

اس بارے میں کرکٹ آسٹریلیا کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''کرکٹ آسٹریلیا نے ہمیشہ اس امر کی حمایت کی ہے کہ افغانستان سمیت دنیا بھر میں مردوں اور عورتوں کی کھیلوں میں شرکت زیادہ سے زیادہ بنائی جانا چاہیے۔ ہم افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر آئندہ بھی اس مقصد کے تحت کام کرتے رہیں گے کہ وہاں خواتین اور لڑکیوں کے لیے صورت حال کو بہتر بنایا جائے۔‘‘

کرکٹ معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، طالبان

ساتھ ہی کرکٹ آسٹریلیا نے کہا، ''ہم اس سلسلے میں آسٹریلوی حکومت کی طرف سے تائید و حمایت پر اس کے شکر گزار ہیں۔‘‘

افغانستان میں خواتین کی کوئی قومی کرکٹ ٹیم نہیں

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی افغان ٹیم کے ساتھ جو ون ڈے سیریز اب منسوخ کر دی گئی ہے، اس سے قبل ماضی میں بھی دونوں ممالک کی ٹیموں کے مابین ایک میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

یہ ایک ٹیسٹ میچ تھا، جو نومبر 2021ء کے اوائل میں کھیلا جانا تھا، مگر اسی سال اگست میں کابل میں طالبان کے اقتدار میں آ جانے کے بعد یہ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

افغانستان بین اقوامی سطح پر کرکٹ کے کھیل کے نگران ادارے آئی سی سی کا وہ واحد مکمل رکن ملک ہے، جہاں خواتین کی کوئی قومی کرکٹ ٹیم نہیں ہے۔

افغانستان کی مردوں کی قومی کرکت ٹیم کابل میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مقابلوں میں حصہ لیتی رہی ہے۔ افغان ٹیم کا آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آخری مرتبہ آمنا سامنا گزشتہ برس ہونے والے کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ہوا تھا۔

م م / ا ا (روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں