1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے سری لنکا اور نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا دیا

عابد حسین8 مارچ 2015

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ میں آج اتوار کے روز دو میچ کھیلے گئے۔ آسٹریلیا نے سری لنکا کو اور نیوزی لینڈ نے افغانستان کی ٹیم کو اپنے اپنے میچوں میں شکست سے دوچار کیا۔

تصویر: Reuters/B. Malone

آسٹریلیا کی ٹیم نے سری لنکا کو 64 رنز سے شکست دی۔ میزبان آسٹریلوی ٹیم نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر مقررہ پچاس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 376 رنز بنائے۔ ٹارگٹ کے حصول میں سری لنکن ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلوی اننگز کی خاص بات آل راؤنڈر گیلن میکسویل کی تیز رفتار سنچری تھی۔ میکسویل 53 گیندوں پر 102 رنز بنا پائے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں چالیس ہزار کے قریب شائقین نے یہ دلچسپ میچ دیکھا، اس میچ میں سری لنکن ٹیم نے ٹارگٹ حاصل کرنے کی بھی کوشش کی لیکن اینجلو میتھیوز اور دنیش چندی مل کی انجریز نے اِس ٹارگٹ کو ناممکن بنا دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے دس چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ اُن کے علاوہ کپتان مائیکل کلارک اور اسٹیو اسمتھ بھی نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ کلارک نے 68 اور اسمتھ نے 72 رنز بنائے۔ سری لنکن اننگز کی خاص بات کمار سنگاکار کی سنچری تھی۔ وہ ورلڈ کپ میں مسلسل تین سینچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ مہیلا جے وردھنے کے رن آؤٹ ہونے سے سری لنکن ٹیم پر پریشز ضرور بڑھا لیکن نوجوان دنیش چندی مل نے چوبیس گیندوں پر 52 رنز بنا کر خطرے کی گھنٹی بجا دی تھی لیکن وہ اپنا پٹھہ کھچ جانے کی وجہ سے کھیل جاری نہ رکھ سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے کامیاب بولر فولکنر رہے اور وہ تین کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

نیوزی لینڈ اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک ناقابل شکست ثابت ہوئی ہےتصویر: Getty Images/S. Botterill

رواں کرکٹ ورلڈ کے اب تک 32 میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ اکتیسواں میچ بھی اتوار کے روز کھیلا گیا اور یہ مییزبان نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم یہ میچ چھ وکٹوں سے جیت گئی۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی یہ مسلسل پانچویں کامیابی تھی اور وہ اِس طرح ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں ناقابلِ شکست ٹیم ہے۔ گروپ بی میں بھارتی ٹیم بھی ابھی تک ناقابلِ شکست ہے۔ افغانستان کی ٹیم پر نیوزی لینڈ کے تجربہ کار اسپنز ڈینئل ویٹوری کا جادو چل گیا۔ ویٹوری نےصرف اٹھارہ رنز دے کر چار افغان کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر نیپئر کے میکلین پارک میں افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اِس کا کوئی کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ملا۔ صرف 59 کے اسکور پر آدھی افغان ٹیم پویلین پہنچا دی گئی۔ بعد میں سمیع اللہ شنواری اور نجیب اللہ زدران نے نصف سنچریاں بنا کر افغان ٹیم کے اسکور کو 186 تک پہنچایا۔ پوری ٹیم اڑتالیسویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹارگٹ آسانی کے ساتھ چار وکٹوں کے نقصان پر سینتیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادوہ اسکور گپٹل نے کیا اور وہ 57 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں