آسٹریلیا کا سری لنکا کے خلاف میچ بے نتیجہ
5 مارچ 201132.5 اوورز میں جب سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے تھے، تو یکدم شدید بارش شروع ہو گئی تھی۔ اس وقت کپتان سنگاکارا 73 رنز پر اور سمارا ویرا 34 رنز پر کھیل رہے تھے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔
تب یہ امید بھی کی جا رہی تھی کہ کچھ ہی دیر میں بارش ختم ہو جائے گی اور جلد ہی میچ دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ تاہم یہ بارش اتنی شدید رہی کہ اس کی وجہ سے گراؤنڈ میں جگہ جگہ کافی زیادہ پانی کھڑا ہو گیا۔ پھر تین گھنٹے سے بھی زیادہ کے انتظار کے بعد حکام نے اس میچ کو بےنتیجہ قرار دے کر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس طرح سری لنکا اور آسٹریلیا دونوں کو ایک ایک پوئنٹ مل گیا، جس کے بعد گروپ اے میں اب پاکستان کے تین میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس ہیں۔ سری لنکا کے چار میچ کھیلنے کے بعد پانچ اور آسٹریلیا کے تین میچ کھیلنے کے بعد پانچ پوائنٹس ہیں۔ نیوزی لینڈکی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے ہیں اور وہ اپنے گروپ میں چار پوائنٹس کے ساتھ اس وقت چوتھے نمبر پر ہے۔
ورلڈ کپ کے گروپ اے میں اگلا مقابلہ سات مارچ کو ہونے والا کینیا کا کینیڈا کے خلاف نئی دہلی میں کھیلا جانے والا میچ ہو گا۔ آٹھ مارچ کو سری لنکا میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے مجموعی طور پر چوتھے گروپ میچ کے لیے میدان میں اترے گی۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک