آسٹریلین اوپن: نادال زخمی، مرے ایک قدم اور آگے
26 جنوری 2010برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے بعد ازاں کہا کہ انہوں نےعمدہ کھیل پیش کیا اور وہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے حق دار تھے۔ اینڈی مرے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:’’میں یقیناً مایوس ہوں کیونکہ کھیل مکمل نہ ہو سکا‘‘۔ ابھی کھیل کے دوسیٹ ہی مکمل ہوئے تھےاور تیسرا جاری تھا کہ رافائیل نادال ٹخنے کے درد کی وجہ سے کھیل سے دستبردار ہو گئے۔
کوارٹر فائنل میں برتری حاصل کئے ہوئے برطانوی نمبر ایک کھلاڑی مرے نے پہلاسیٹ ترپن منٹ کےعمدہ مقابلے کے بعد چھ تین سے جیتا جبکہ دوسرا سیٹ ٹائی بریک کے بعد سات دو سے۔ تیسرے سیٹ میں بھی مرے کو تین صفر سے برتری حاصل تھی تاہم رافائیل نادال نے زخمی ہو جانے کی وجہ سے شکست تسلیم کر لی۔
بائیس سالہ اسکاٹش کھلاڑی مرے، برطانیہ کے پہلے ٹینس سٹار بن گئے ہیں، جنہوں نے سن 1977ء کے بعد آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل تک پہنچنے کا اعزازحاصل کیا ہے۔ تئیس سالہ نادال نے تسلیم کیا ان کے ٹخنے میں شدید درد کی وجہ سے وہ یہ میچ کبھی بھی نہیں جیت سکتے تھے اس لئے انہوں نے ہار مان لی۔ رافائیل نادال پہلے بھی اسی درد کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ کھیل جاری رکھ سکتے تھے تاہم انہوں نے مزید کسی بڑی انجری سے بچنے کے لئے کھیل کو ادھورا چھوڑ دیا۔
منگل کے روز ہوئے ایک اور کوارٹر فائنل میں کروشیا کے Marin Cilic نے امریکی اسٹار کھلاڑی اینڈی روڈک کو سات ۔ چار، چھ۔ تین ، تین ۔ چھ ، دو۔ چھ اور چھ۔ تین سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ عالمی نمبر چودہ Cilic نے ایک جاندار مقابلے کے بعد عالمی نمبر سات روڈک کو شکست دی۔
رپورٹ:عاطف بلوچ
ادارت:امجد علی