1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسکرز: گریوٹی اور امریکن ہَسل سب سے آگے

عابد حسین17 جنوری 2014

بین الاقوامی فلمی انڈسٹری میں انتہائی وقعت کے حامل اکیڈیمی ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تھری ڈی فلم ’گریوٹی‘ اور جرائم کے موضوع پر بنی فلم ’امریکن ہَسل‘ کو سب سے زیادہ نامزدگیاں ملی ہیں۔

فلم گریوٹی کو دس نامزدگیاں ملی ہیںتصویر: Getty Images

رواں برس اکیڈیمی ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب دو مارچ کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ہو گی۔ اِس تقریب میں جن فلموں اور فنکاروں کو ایوارڈ دیے جائیں گے، اُن کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گيا ہے۔ تھری ڈی فلم ’گریوٹی‘ اور ’امریکن ہَسل‘ کو مختلف کیٹگریوں میں دس دس نامزگیاں ملی ہیں۔ اکیڈیمی ایوارڈز کی رواں برس منعقد ہونے والی تقریب میں اُن فلموں کو ایوارڈز دیے جائیں گے جو گزشتہ برس سن 2013 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں۔ نامزدگیوں کے اعلان کی تقریب جمعرات کے روز لاس اینجلس شہر کے علاقے بیورلی ہلز میں منعقد ہوئی تھی۔

گریوٹی کی طرح فلم امریکن ہسل بھی دس نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہیتصویر: Getty Images

فلم ’امریکن ہَسل‘ گزشتہ ہفتے کے دوران تین گولڈن گلوب ایوارڈز حاصل کر کے عالمی فلمی صنعت میں اپنا مقام بنا چکی ہے۔ اِسی فلم کے چاروں اداکاروں کو آسکرز کی نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔ ان میں ایمی ایڈمز، کرسٹیئن بیل، جینیفر لارنس اور بریڈلی کُوپر شامل ہیں۔ فلم ’امریکن ہَسل‘ کے ہدایتکار ڈیوڈ او رَسل کو بھی بہترین ہدایتکار کے ليے نامزد کيا گيا ہے۔ رَسل نے اپنی فلم کو دس نامزدگیاں ملنے پر اپنے اداکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اداکار موجود ہوں تو ایک شاہکار تخلیق کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

بہترین فلم کے اہم ترین ایوارڈ کی ریس میں کُل نو فلمیں شامل ہیں۔ امریکن ہَسل، گریوٹی، بارہ سال غلام کے علاوہ کیپٹن فلپس، ڈالس بائرز کلب، ہَر، نبراسکا، فلومینا اور دی وولف آف وال اسٹریٹ ہیں۔ ان میں صومالی قزاقوں کے قبضے میں آنے والے کیپٹن فلپس کی سچی داستان کی فلم کو بھی اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ یہ کردار ٹام ہینکس نے ادا کیا ہے۔

کیپٹن فلپس کو کُل چھ کيٹيگريز ميں نامزدکيا گيا ہے۔ چھ چھ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلموں میں ایڈز کے موضوع پر بنائی گئی فلم ڈالس بائرز کلب اور نیبراسکا ہیں۔ تاریخی حقیقت پر مبنی فلم ’بارہ سال غلام‘ کو نو مختلف نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔ مبصرین کے خیال میں بارہ سال غلام یا 12 Years A Slave کو توقع سے کہیں کم نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں جو خاصی حیرانی کا باعث ہے۔

۔تاریخی حقیقت پر مبنی فلم ’بارہ سال غلام‘ کو نو مختلف نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیںتصویر: picture-alliance/AP/Fox Searchlight, Francois Duhamel

بہترین اداکار کی کیٹگری میں کرسٹیئن بیل کو فلم امریکن ہَسل، لیونارڈو ڈی کیپریو کو فلم دی وولف آف وال اسٹریٹ، برُوس ڈیرن کو فلم نیبراسکا، چُوایٹل ایجیفور (Chiwetel Ejiofor) کو بارہ سال غلام اور میتھیو مکاناہے (Matthew McConaughey) کو فلم ڈالس بائرز کلب کے ليے نامزد کیا گیا ہے۔ اب اِن میں سے کس کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا جائے گا وہ دو مارچ کی تقریب میں ہی سامنے آئے گا۔

جمعرات کے روز معروف اداکارہ میریل اسٹریپ کو ایک اور اعزاز حاصل ہوا اور وہ اٹھارہویں مرتبہ اکیڈیمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئیں ہیں۔ رواں برس میریل اسٹریپ کو فیملی ڈرامہ ’ آگسٹ۔ اوساج کاؤنٹی‘ میں بہترین اداکارہ کی کیٹگری میں نامزدگی ملی ہے۔ وہ اب تک تین آسکرز جیت چکی ہیں۔ ہنگر گیمز نامی فلم کی جینیفر لارنس ايسی سب سے کم عمر اداکارہ بن گئی ہیں، جنہيں تین مرتبہ آسکر کی نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔ اسی طرح وُڈی اییلن کو سولہویں مرتبہ آسکرز ايوارڈ کے ليے نامزد کيا گيا ہے۔

معروف اداکارہ کیٹ بلینچیٹ کو وُڈی ایلن کی فلم ’بلُو جیزمِین‘ میں بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ بلینچیٹ نے اس نامزدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی خوش ہيں اور اپنے آپ کو آسمان پر اڑتا ہوا محسوس کر رہی ہيں۔

بہترین اداکار کی کیٹگری میں دو اداکاروں کو منتخب نہ کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معروف اداکار رابرٹ ریڈفورڈ کو رواں برس کوئی نامزدگی حاصل نہیں ہو سکی۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ اُن کو فلم آل اِز لاسٹ‘ میں بھرپور کردار ادا کرنے پر نامزدگی حاصل ہو سکتی ہے۔ اسی طرح ٹام ہینکس کو بھی کیپٹن فلپس میں نامزدگی حاصل نہیں ہوئی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں