آسکر کا میلہ سجنے کو، فلم بین دم سادھے ہوئے
20 فروری 2015امریکی فلم انڈسٹری کا دِل خیال کیا جانے والا علاقہ ہالی وُڈ اِس وقت سالانہ اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کا بے چینی سے منتظر ہے۔ اِس ایوارڈ کی تقریب میں جو سنہری مجسمہ دیا جاتا ہے، وہ آسکر کہلاتا ہے اور اسی باعث فلم کے شعبے میں عمدہ کارکردگی کے لیے دیے جانے والے یہ اعزازات آسکر ایوارڈ بھی کہلاتے ہیں۔
ایوارڈز کی یہ تقریب اتوار بائیس فروری کی شام ساڑے آٹھ بجے شروع ہو گی۔ اس کی میزبانی اداکار نیل پیٹرک ہیرس پہلی مرتبہ کریں گے۔ ایوارڈز کی تقریب سے تین گھنٹے قبل ریڈ کارپٹ پر مہمانوں کی آمد شروع ہو جائے گی۔ اس دوران خصوصی فوٹو سیشن کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ 87 ویں اکیڈمی ایوارڈ ہیں۔ یہ تقریب لاس اینجلس کے علاقے ہالی وُڈ میں واقع ڈولبائی تھیٹر میں منعقد کی جاتی ہے، جس کے باہر ریڈ کارپٹ تقریب کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اکیڈمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان پندرہ جنوری کو کیا گیا تھا۔ بہترین پکچرز کے لیے آٹھ فلمیں نامزد کی گئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بہترین فلم کے لیے ’برڈ مین‘ اور ’بوائے ہُڈ‘ نامی فلموں میں سخت مقابلہ ہے۔ اب تک دیے جانے والے دوسرے ایوارڈز میں ان دونوں فلموں کو مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ بہترین فلم کے ایوارڈز بھی حاصل ہو چکے ہیں۔ اِن کے علاوہ ایک تیسری فلم ’دی گریٹ بوڈا پیسٹ ہوٹل‘ کو بھی بہترین فلم کی کیٹیگری میں خاصی اہمیت حاصل ہے۔
بہترین ہدایتکار کے ایوارڈ کے لیے مقابلہ ’دی گرینڈ بوڈا پیسٹ ہوٹل‘ کے ہدایتکار ویس اینڈرسن اور برڈ مین کے الیخاندرو گونزالیز کے درمیان خیال کیا جا رہا ہے۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ ’بوائے ہُڈ‘ کے ڈائریکٹر رچرڈ لِنکلیٹر چھپے رستم ثابت ہو سکتے ہیں۔ کُل پانچ ہدایتکار اِس کیٹیگری میں نامزد ہیں، جن میں بینیٹ ملر بھی شامل ہیں، جنہوں نے فلم ’فاکس کیچر‘ تیار کی ہے۔ واضح رے کہ یہ فلم بہترین فلم کی کیٹیگری میں نامزد نہیں ہے۔ پانچویں نامزد ہدایتکار مورٹن ٹیلڈم ہیں، جنہوں نے ’دی امیٹیشن گیم‘ نامی فلم بنائی ہے، یہ فلم بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کی گئی ہے۔
بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے کُل پانچ اداکارائیں نامزد ہیں۔ ان میں امریکا سے تعلق رکھنے والی جولین مور بھی شامل ہیں، جنہیں فلم ’اسٹل ایلِس‘ میں اُن کی شاندار کردار نگاری پر رواں برس کے آسکر کی دوڑ میں سب سے آگے خیال کیا جا رہا ہے۔ فلم ’دو دِن، ایک رات‘ میں فرانسیسی اداکارہ ماریوں کوتیار کو بھی اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ دیگر تین اداکاراؤں میں فیلسٹی جونز (’دی تھیوری آف ایوری تھنگ‘)، ریس وِدرزسپُون (’وائلڈ‘) اور روزامُنڈ پائک (’گون گرل‘) کے نام بھی شامل ہیں۔
بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نامزد پانچ اداکاروں میں سے ناقدین خاص طور پر برطانوی ماہرِ طبیعیات اسٹیفن ہاکنگ کی زندگی پر بننے والی فلم ’دی تھیوری آف ایوری تھنگ‘ میں معذور سائنسدان کا کردار کرنے والے اداکار ایڈی ریڈ مین پر فوکس کیے ہوئے ہیں کہ وہ یہ ایوارڈ جیت سکتے ہیں۔ دیر نامزد اداکاروں میں اسٹیو کیرل (’فوکس کیچر‘)، بریڈلی کُوپر (’امیریکن اسنائپر‘)، بینیڈکٹ کمبرباخ (’دی امیٹیشن گیم‘) اور مائیکل کیٹن (’برڈ مین‘) شامل ہیں۔
اِن ایوارڈز کی تقسیم کا نگران اور میزبان ادارہ اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز ہے۔ اِس کی جیوری نامزد فلموں کا مشاہدہ کر چکی ہے۔ جیوری کے ارکان اپنا اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر چکے ہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے نام انتہائی خفیہ انداز میں مرتب کیے جاتے ہیں۔ اب دنیا بھر کے فلم بین دم سادھے یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ اتوار کی شام یہ ایوارڈز کس کس فلم اور فلمی شخصیت کے حصے میں آئیں گے۔