1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آفریدی نے فیصلہ بدل ڈالا

4 اپریل 2011

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس دورے میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

شاہد آفریدیتصویر: AP

خبررساں ادارے روئٹرز نے ایک پاکستانی ٹیلی وژن چینل کے حوالے سے بتایا کہ آفریدی نے ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز نہ جانے کا ارادہ بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’قبل ازیں میں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہاں نہیں جاؤں گا، کیونکہ مجھے آرام کی ضرورت تھی۔ تاہم بعض سابق کھلاڑیوں، خاندان کے افراد اور دوستوں نے مجھے مشورہ دیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے اس اہم وقت پر کھیل کے لیے دستیاب رہوں۔’

اکتیس سالہ شاہد آفریدی 350 وَن ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی قیادت کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی، جس میں بھارت نے اسے ہرایا۔ تاہم پاکستانی ٹیم توقعات کے برعکس اپنے گروپ کی سرفہرست ٹیم رہی۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی اس ٹورنامنٹ میں اکیس وکٹیں حاصل کرکے ورلڈ کپ 2011ء کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ بھارتی کھلاڑی ظہیر خان نے بھی 21 ہی وکٹیں حاصل کیں تاہم انہوں نے آفریدی کے برعکس آٹھ کی بجائے نو میچوں میں اس تعداد تک پہنچ پائے۔ شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز دو یا تین نئے کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لیے آئیڈیل ہو گا۔

انہوں نے کہا، ’یہی وجہ ہے کہ میں آئندہ دورے میں ٹیم کا حصہ بننا چاہوں گا تاکہ ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کو جو تحریک ملی وہ جاری رہے۔’

شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ کے دوران اکیس وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ میچز کھیلنے کے بعد وطن واپسی پر ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے۔ انہوں نے کہا، ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے۔ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے دوروں سے ہم بہترین وَن ڈے ٹیم بنا سکیں گے۔’

پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز میں میزبان ٹیم کے ساتھ اکیس اپریل کو ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ بعدمیں پانچ وَن ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔

روئٹرز کے مطابق سلیکٹرز کی جانب سے اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ ویسٹ انڈیز میں وَن ڈے میچز کے دوران بعض سینئر کھلاڑیوں کو بریک دیا جا سکتا ہے۔ ان کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں