1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آلانسو نے جرمن گراں پری جیت لی

25 جولائی 2010

فیراری ٹیم کے فرنانڈو آلانسو نے فارمولا ون جرمن گراں پری جیت لی ہے۔ اتوار کو منعقد ہونے والی اس فارمولا ون میں یہ کامیابی آلانسو کی اس سیزن کی پہلی کامیابی ہے۔

تصویر: AP
49 ویں چکر تک ریس میں سب سے آگے موجود برازیلیئن ڈرائیور فلیپ ماسا نے اپنی ٹیم کو ریس کے دوران ریڈیو پیغام میں کہا کہ آلانسو کی رفتار ان سے زیادہ ہے۔ اس پیغام کے چند ہی سیکنڈز کے بعد آلانسو انہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے ریس میں سب سے آگے پہنچ گئے اور پھر انہوں نے اختتام تک اپنی برتری قائم رکھی۔
ریس کے اختتام پر پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ڈرائیورزتصویر: AP

ریڈ بل ٹیم کے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے ریس کا آغاز پول پوزیشن سے کیا۔ وہ آغاز میں ماسا اور آلانسو دونوں سے آگے تھے تاہم اس ریس میں ان کی پوزیشن تیسری رہی۔ چیمپیئن شپ لیڈر لوئس ہیملٹن نے ریس کے آغاز میں دو گاڑیوں کو اوور ٹیک کرتے ہوئے اپنی پوزیشن بہتر بنائی لیکن ریس کا اختتام ان کی چوتھی پوزیشن پر ہوا۔ پانچویں پوزیشن دفاعی چیمپیئن جیسن بٹن کے حصے میں آئی۔

ریڈ بل ٹیم کے مارک ویبر نے ریس میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

مرسیڈیز ٹیم کے نیکو روزبرگ اور عالمی شہرت یافتہ میشاعیل شوماخر کے حصے میں بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن آئی۔

ہیملٹن اس وقت ڈرائیوروں کے پوائنٹس ٹیبل پر 157 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ جیسن بٹن 147 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور فیٹل اور ویبر 136 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر ہیں۔

سباستیان فیٹل کے حصے میں تیسری پوزیشن آئیتصویر: AP

اس ریس میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی فیراری ٹیم کے خلاف ممکنہ طور پر نظم صبط کی خلاف ورزی کے ارتکاب پر کارروائی بھی ہو سکتی ہے، کیونکہ لگتا کچھ یوں ہے، جیسے ماسا نے ٹیم کے احکامات پر آلانسو کو خود سے آگے جانے دیا۔

آلانسو نے جیت کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے دیکھا کہ فلیپے کچھ آہستہ ہوئے ہیں اور انہوں نے فلیپے کو اوور ٹیک کر لیا۔ اس کے بعد صرف 15 یا 20 ہی مزید چکر باقی تھے، سو میں جیت گیا۔‘‘

دریں اثناء ماسا نے اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا کہ وہ اس جیت کے مستحق تھے، تاہم انہوں نے ٹیم احکامات کی پابندی کرتے ہوئے آلانسو کو آگے نکلنے دیا۔

’’میرا نہیں خیال کہ اس بارے میں ہمیں کچھ کہنا چاہئے۔ ہم ایک ٹیم کے لئے کام کرتے ہیں اور ٹیم کے لئے بہتر کارکردگی دکھانا سب سے اہم ہوتا ہے۔‘‘

ریڈ بل ٹیم نے اس حوالے سے باقاعدہ احتجاج کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔ ریڈ بل ٹیم کے کرسٹیان ہورنر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس واقعے کو غلط سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ فارمولا ون کے ضوابط کے خلاف ہے۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں