1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آنگ سان سوچی کا دورہ جرمنی

عاطف بلوچ11 اپریل 2014

میانمار کی اپوزیشن رہنما ّنگ سان سوچی نے اپنے تین روزہ دورہ جرمنی کے پہلے دن بروز جمعرات جرمن چانسلر میرکل اور صدر یوآخم گاؤک سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس دورے کے دوران انہیں جرمنی کے ایک معتبر انعام سے بھی نوازا جائے گا۔

Aung San Suu Kyi bei Merkel PK 10.04.2014 in Berlin
تصویر: Reuters

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برلن سے آمدہ رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ نوبل انعام یافتہ سوچی اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ملاقات کے بعد کسی پریس کانفرنس سے خطاب نہیں کیا۔ ان دونوں خاتون رہنماؤں نے البتہ برلن میں ملاقات سے قبل صحافیوں سے مختصراﹰ بات چیت ضرور کی۔ اس دوران میرکل نے سوچی کی تعریف کی اور کہا کہ مشکل وقت میں بھی میانمار (برما) کی اس رہنما نے ہمت نہ ہاری۔

یہ امر اہم ہے کہ آنگ سان سوچی نے اپنی عمر کا ایک طویل عرصہ نظر بندی میں گزارا تاہم اس دوران انہوں نے اپنے سیاسی نظریات یا سوچ میں کوئی تبدیلی نہ آنے دی۔ میرکل نے کہا کہ دونوں رہنما میانمار کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کریں گے اور برلن حکومت کی کوشش ہو گی کہ مستقبل میں میانمار کے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کیے جائیں۔

جرمن صدر یوآخم گاؤک نے برلن میں آنگ سان سوچی کے ساتھ ملاقات کیتصویر: Getty Images

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے بقول سوچی کے ساتھ اس ملاقات میں اسی موضوع پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ توقع تھی کہ ملاقات کے دوران سوچی میانمار میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے بارے میں بھی بات چیت کریں گی۔

قبل ازیں جمعرات کے دن جرمن صدر یوآخم گاؤک نے برلن میں واقع اپنے صدارتی محل میں سوچی کے ساتھ ملاقات کی۔ گاؤک، ان کی اہلیہ اور سوچی نے دوپہر کا کھانا بھی اکٹھا کھایا۔ یاد رہے کہ جرمن صدر نے جب فروری میں میانمار کا دورہ کیا تھا تو اس وقت بھی انہوں نے ینگون میں سوچی سے ملاقات کی تھی۔

1991ء میں امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی سوچی کو جمعے کے دن جرمنی کے ’بین الاقوامی ولی برانٹ‘ پرائز سے بھی نوازا جائے گا۔ جرمنی کے سابق چانسلر کے نام پر رکھا گیا یہ معتبر پرائز ایسی شخصیات یا اداروں کو دیا جاتا ہے، جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اقدار کی آگاہی و شعور کے لیے خدمات سر انجام دی ہوں۔

یاد رہے کہ سوچی نے اپنے سیاسی کیریئر میں دس برس سے بھی زیادہ کا عرصہ نظر بندی میں گزارا تھا، انہیں تین برس قبل ملک کی فوجی حکومت نے آزاد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ رکن پارلیمان منتخب ہوئی تھیں۔ سوچی کا ارادہ ہے کہ وہ 2015ء میں منعقد ہونے والے آئندہ صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار میدان میں اتریں گی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں