آک لینڈ میں پاکستان کی وارم اپ ٹی ٹوئنٹی میں ناکامی
23 دسمبر 2010پاکستانی ٹیم کے دو بیٹسمین اس ٹور میچ کے پہلے ہی اوور میں واپس پویلین پہنچ گئے، جس کے بعد پوری مہمان ٹیم تمام بیس اوورز بھی نہ کھیل سکی اور صرف 17.4 اوورز میں 91 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے وکٹ کیپر عمر اکمل سب سے کامیاب بلے باز رہے، جو25 رنز بنا کر Hira کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عمر اکمل کے بعد دوسرے بہترین بیٹسمین فاسٹ بولر عمر گل تھے جنہوں نے 19 رنز بنائے۔
تیسرے کامیاب ترین بیٹسمین یونس خان رہے جو 18 رنز بنا کر Hira ہی کی گیند پر Munro کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر عبدالرزاق کا ذاتی سکور 16 رہا۔ ان چار پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ آؤٹ ہونے والے باقی چھ بلے باز مجموعی طور پر صرف چھ رنز بنا سکے۔
جوابی اننگز میں آک لینڈ کی ٹیم نے بڑی تیزی سے سکور کیا اور محض 13.2 اوورز میں ہی اپنی فتح کو یقینی بنا لیا۔ آک لینڈ کی طرف سے نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹِل سب سے نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے 28 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور یوں پاکستانی ٹیم کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاکستان کی طرف سے سعید اکمل نے بیس رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر شعیب اختر نے 31 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
موجودہ دورہء نیوزی لینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم کے باقاعدہ میچوں کا آغاز ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہو گا، جس دوران دونوں ملکوں کے مابین تین میچ کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ آک لینڈ ہی میں باکسنگ ڈے پر یعنی کرسمس کے ایک روز بعد اتوار کو کھیلیں گی۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: امتیاز احمد