ابوُ ظہبی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار جیت
17 اکتوبر 2013میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقی ٹیم اننگز کی شکست سے بچنے میں کامیاب ضرور ہوئی لیکن میچ میں ہار کو نہیں بچایا جا سکا۔ اننگز کی شکست سے بچنا اے بی ڈویلیئر کے شاندار کھیل کی بدولت ممکن ہوا۔ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں رابن پیٹرسن کے ساتھ مل کر انہوں نے اننگز کی شکست کے داغ سے اپنی ٹیم کو باہر نکال دیا۔ اے بی ڈویلیئر کے علاوہ بقیہ کھلاڑی شیخ زید اسٹیڈیم کی پچ پر پاکستان کے تیز اور اسپن بالروں کے سامنے بے بس ہو گئے۔ اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں یہ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی چوتھی جیت ہے۔ جنوبی افریقہ نے پاکستانی ٹیم کو گیارہ مرتبہ ہرایا ہے۔
دوسری اننگز میں ڈویلیئر نوے کے اسکور پر جنید خان کا شکار بنے۔ جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سب سے زیادہ کھلاڑی سعید اجمل نے آؤٹ کیے اور وہ چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 232 کے اسکور پر آؤٹ ہوئی۔ اس طرح پاکستان کو جیت کے لیے چالیس رنز کا ہدف ملا تھا۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم کے تین ابتدائی کھلاڑی صرف سات کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ ان وکٹوں کے گرنے کے بعد سینیئر اور تجربہ کار بیٹسمینوں یونس خان اور مصباح الحق نے ٹارگٹ کا حصول ممکن کیا۔ اس طرح پاکستان پہلا ٹیسٹ میچ سات وکٹوں سے جیت گیا۔
دو ٹیسٹوں میچوں کی سیریز میں اب پاکستان کو ایک میچ جیت کر برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اس ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سعید اجمل، بابر ذوالفقار، جنید خان اور محمد عرفان کی نپی تلی باؤلنگ بھی نہایت قابل تعریف ہے۔ جس بال پر ہاشم آملا آؤٹ ہوئے تھے وہ بابر ذوالفقار کی ایک یادگار بال تھی جو گھومی اور آملا جیسے تجربہ کار اور اِن فارم بیٹسمین کی سمجھ میں نہیں آ سکی۔ اسی طرح جنید خان نے ژاک کالیس کی وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں اے بی ڈویلیئر نے پاکستانی بالروں کا خوب مقابلہ کیا۔ یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم دونوں اننگز میں ڈھائی سو اسکور کرنے سے قاصر رہی۔
یہ میچ کئی حوالے سے یاد گار رہا۔ یونس خان نے جاوید میاں داد کے سب سے زیاہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ براربر کیا۔ خرم منظور جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے زیادہ اسکور کرنے والے پاکستانی بیٹسمین بنے اس سے قبل اظہر محمود نے سب سے زیادہ اسکور کر رکھا تھا۔ مصباح الحق نے بطور کپتان جنوبی افریقہ کے خلاف سینچری بنائی۔ بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کے بعد سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے ژاک کالیس کو اُن کی سالگرہ کے دن صفر کے اسکور پر آؤٹ کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان پہلی مرتبہ اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔ سعید اجمل اسی میچ میں 150 وکٹیں حاصل کرنے والے ایک اور باؤلر بن گئے ہیں۔
پہلی اننگز میں شاندار سینچری بنانے والے خرم منظور کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔