ابھی مشن ختم نہیں ہوا، جوزف بلیٹر
10 مئی 2014اٹہتر سالہ جوزف بلیٹر کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے ضمن میں ان کا پراجیکٹ ابھی ختم نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ بلیٹر سولہ برسوں سے فیفا کے صدر ہیں۔ چند برسوں قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلی مدت صدارت کے لیے فیفا کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواش مند نہیں ہیں۔ تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ وہ دس اور گیارہ جون کو ساؤ پاؤلو میں فیفا کی کانگریس کے موقع پر کریں گے۔
جمعے کے روز بلیٹر نے سوئس اخبار ’بلِک‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا، ’’میں ایسا کرنا چاہتا ہوں کیوں کہ ابھی چیزیں مکمل نہیں ہوئی ہیں۔ میرا مینڈیٹ ختم ہونے والا ہے مگر میرا مشن ابھی تکمیل تک نہیں پہنچا۔‘‘
خیال رہے کہ بلیٹر کا تعلق بھی سوئٹزر لینڈ ہی سے ہے۔ وہ انیس سو اٹھانوے میں پہلی مرتبہ فیفا کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
فیفا کے صدر کے عہدے کے لیے انتخابات اگلے سال ہوں گے۔
تاحال صرف ایک امیدوار نے باضابطہ طور پر فیفیا کے صدر کے عہدے کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ اس امیدوار جیرومی شیمپیئن کا تعلق فرانس سے ہے۔ وہ ایک سابق سفارت کار ہیں اور فیفا کے سیکرٹری جنرل رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اس ادارے کو سن دو ہزار دس میں خیرباد کہا تھا۔ تاہم پچپن سالہ شیمپیئن کہہ چکے ہیں کہ اگر ان کے سابق باس بلیٹر نے دوبارہ صدر بننے کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ اس امیدواری سے دست بردار ہو جائیں گے۔
بلیٹر کو اصل مقابلہ یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ اور فرانس سے تعلق رکھنے والے سابق لیجنڈری کھلاڑی مشئیل پلاٹینی سے درپیش ہو سکتا ہے۔ اٹھاون سالہ پلاٹینی کا کہنا ہے کہ صرف وہ ہی بلیٹر کو شکست دے سکتے ہیں۔ تاہم پلاٹینی نے آئندہ برس فیفا کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں باضابطہ طور پر ابھی کچھ نہیں کہا ہے۔
مارچ کے مہینے میں پلاٹینی نے کہا تھا کہ وہ اپنے فیصلے کا اعلان فٹ بال کے عالمی کپ کے مکمل ہو جانے کے بعد کر سکتے ہیں۔ فیفیا ورلڈ کپ بارہ جون سے برازیل میں شروع ہو رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں تیرہ جولائی کو پایہء تکمیل کو پہنچےگا۔