اب ورچوئل خواتین سے فلرٹ کیجیے
15 ستمبر 2016’ٹوکیو گیم شو‘ کے دوران سب سے زیادہ توجہ ورچوئل ریئیلیٹی کو حاصل ہے۔ سونی انٹرایکٹیو انٹرٹینمنٹ کی طرف سے اپنے پلے اسٹیشن ورچوئل ریئیلیٹی (PSVR) کی نمائش کی گئی ہے۔ سر پر پہنا جانے والا یہ ڈسپلے آئندہ ماہ سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اس ڈسپلے کے لیے درجنوں سافٹ ویئرز کی تیاری پر کام جاری ہے، جن میں شاہین کی طرف ہوا میں پرواز کرنا، تیز رفتار ریس میں اسپورٹس کار چلانا اور محلات وغیرہ کی سیر کرنے جیسے سافٹ ویئر شامل ہیں۔
ورچوئل ریئیلیٹی میں تیز رفتار ترقی کے سبب ویڈیو گیم کے شائقین اب ورچوئل خواتین کے ساتھ راہ و رسم بھی بڑھا سکتے ہیں۔ اسی طرح کی ایک گیم ’’سمر لیسن‘‘ ہے، جس میں گیم کھیلنے والا خود کو ایک دھیمے انداز میں باتیں کرنے والی مگر بے حد باتونی اور خوبصورت خاتون کے ساتھ موجود پاتا ہے۔
ویڈیو گیمز تیار کرنے والی جاپان کی ایک بڑی کمپنی Bandai Namco کی طرف سے اس گیم کا سافٹ ویئر تیار کرنے والوں میں سے ایک جُن تماؤکی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ایک بات جس کا ہم نے سمر لیسن کے حوالے سے بہت زیادہ خیال رکھا وہ یہ تھی کہ ایک کردار واقعی وہاں موجود ہو۔‘‘
تاہم تماؤکی نے ان تحفظات کو رد کر دیا کہ یہ گیم کھیلنے والے خواتین کہیں اِسی کا حصہ ہی نہ بن کر رہ جائیں اور باہر نکل کے اصل خواتین سے ملنے کی ضرورت ہی محسوس نہ کریں۔ تماؤکی کے مطابق، ’’میرے خیال میں اس گیم سے بات چیت کرنے کی مہارت بہتر ہو گی۔ ایسے افراد کی بھی جو بہت زیادہ شرمیلے ہوں۔‘‘
سمر لیس کو PSVR پر کھیلا جا سکتا ہے، لیکن اس میں کوئی مرد کردار نہیں ہے جس کے ساتھ بات چیت کی جا سکے۔ PSVR، 13 اکتوبر کو فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور اس کی قیمت 399 ڈالرز رکھی گئی ہے جو اس طرح کے دیگر گیجٹس کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔
ٹوکیو گیم شو اتوار 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس شو میں 600 نمائش کنندگان شریک ہیں جنہوں نے 1500 سے زائد گیمز نمائش کے لیے پیش کی ہیں۔ ٹوکیو گیم شو کا یہ 20 واں سالانہ ایونٹ ہے۔ یہ ایونٹ بنیادی طور پر جاپانی کمپنیوں اور سافٹ تیار کرنے والوں کے لیے شروع کیا گیا تھا۔