اتحاد کی تجويز ’ذہنی مريض کا خیالی پلاؤ‘، شمالی کوريا
12 اپریل 2014شمالی کوريا کے نيشنل ڈيفنس کميشن کی جانب سے جنوبی کوريا کی خاتون صدر پاک گُن شے کی اِس تجويز کو مسترد کرتے ہوئے اِسے ’منافقت اور دھوکہ دہی‘ سے تعبير کيا گيا ہے۔ اِس حوالے سے کميشن کے ايک ترجمان کا بيان ہفتے کے روز شمالی کوريا کے سرکاری ميڈيا پر نشر کيا گيا، جس ميں ترجمان نے کہا کہ جنوبی کوريائی صدر کی طرف سے اتحاد کا تذکرہ اُن کے منفی خيالات کی عکاسی کرتا ہے۔
شمالی کوريا کی صدر پاک گُن شے نے گزشتہ ماہ سابقہ مشرقی جرمنی کے ايک شہر ڈريسڈن ميں تقرير کرتے ہوئے معاشی سطح پر تبادلوں اور انسانی ہمدردی کے تحت امداد ميں اضافے کے ذريعے پيونگ يانگ کو جزيرہ نما کوريا کے ساتھ اتحاد کی پيشکش کی تھی۔ اِس موقع پر پاک نے مشرقی اور مغربی جرمنی کے اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ يہ پُر امن اتحاد کی ايک مثال ہے۔
اِس مخصوص نکتے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پيونگ يانگ کی نيشنل ڈيفنس کميشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جرمنی کا اتحاد ملک کے مغربی حصے کی جانب سے مشرقی حصے کو جذب کر کے عمل ميں آيا۔ ترجمان نے پاک پر تنقيد کرتے ہوئے الزام عائد کيا کہ وہ مغربی ممالک سے ايک ايسے اتحاد کی بھيک مانگ رہی ہيں، جس میں جنوبی کوريا شمالی کوريا کو اپنے اندر جذب کر لے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی و شمالی کوريا کے ممکنہ اتحاد کے حوالے سے پاک کے بيان پر پيونگ يانگ کا يہ پہلا سرکاری رد عمل ہے۔ بارہ اپريل کو جاری کردہ اس بيان ميں شمالی کوريا کے ترجمان نے سيول کو تنبيہ کی کہ وہ طے شدہ سمجھوتوں پر عمل در آمد جاری رکھے، بالخصوص 2000ء ميں دستخط کردہ اُس معاہدے پر، جس کے تحت دونوں روايتی حريفوں کے مابين عسکری محاذ آرائی کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
جنوبی و شمالی کوريا کے مابين کشيدگی کی تازہ لہر جاری
جنوبی کوريا اور امريکا کی رواں برس فروری سے شروع ہونے والی مشترکہ جنگی مشقوں کی وجہ سے اِن دنوں سيول اور پيونگ يانگ کے مابين کشيدگی کی لہر جاری ہے۔ پيونگ يانگ نے مشقوں کو ’شمالی کوريا پر حملے اور قبضے کی تياری‘ قرار ديتے ہوئے راکٹوں اور ميزائلوں کے کئی تجربات کيے ہیں۔ اکتيس مارچ کو شمالی کوريا کی جانب سے کی جانے والی گولہ باری کے بعد سرحد پر فريقين کی افواج کے درميان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ معاملات اِس کے بعد بھی بہتر نہ ہوئے اور پيونگ يانگ نے ’نئے‘ ايٹمی تجربے کی دھمکی تک دے ڈالی۔ دريں اثناء جمعہ گيارہ فروری سے جنوبی کوريا اور امريکا نے اپنی اب تک کی سب سے بڑی جنگی فضائی مشقوں کا آغاز بھی کر ديا ہے۔
يونيورسٹی آف نارتھ کورين اسٹڈيز کے پروفيسر يانگ مُو جِن کا کہنا ہے کہ اس زبانی بیان بازی کے باوجود امکان ہے کہ پيونگ يانگ حکومت اپنے رويے ميں نرمی لائے گی اور بات چیت کی راہ اختیار کرے گی۔