اداکارہ سکارلٹ جوہانسن کی شادی اختتام پذیر
26 دسمبر 2010چھبیس سالہ خوش شکل اداکارہ سکارلٹ جوہانسن اور رائن رینالڈز کے درمیان شادی کا رشتہ پائیدار ثابت نہیں ہوا۔ سن 2008 میں ہونے والی شادی کے چوبیس ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان کئی چھوٹے چھوٹے معاملات نے بڑے اور ناقابل حل اختلافات کا روپ دھار لیا۔ جدید مغربی معاشرت کے انداز میں میاں بیوی نے معاملات کو حتمی شکل دی اور علیٰحدگی کا اعلان کر دیا۔ علیٰحدگی کا اعلان چودہ دسمبر کو کیا گیا تھا۔ اب دو روز قبل دونوں کے وکلاء نے امکانی مالی اثاثوں کی تفصیلات طے کرنے کے بعد ایک امریکی دیوانی عدالت میں باقاعدہ طلاق کے کاغذات جمع کروا دیے ہیں۔
اداکارہ سکارلٹ جوہانسن اور رائن رینالڈز ہالی وُڈ فلم انڈسٹری کے ’اے‘ کیٹگری کے اداکار تسلیم کئے جاتے ہیں۔ گزشتہ سالوں کے اعدادوشمار کی روشنی میں اسی جوڑی کو انتہائی خوبصورت اور سیکسی جوڑی خیال کیا جاتا تھا۔ ناقابل حل اختلافات کی تفصیلات عام نہیں ہو سکی ہیں۔ ان کی شادی ستبمر سن 2008 میں ہوئی تھی۔
بعض اخبارات اور رسائل کے مطابق رائن رینالڈز نے جوہانسن کے ساتھ شادی کے بعد زیادہ فلموں میں کام کیا اور مالی اعتبار سے ان کے لئے یہ شادی خاصی فائدہ مند رہی تھی۔ چند ماہ پہلے ہی جوہانسن اور رینالڈز نے اٹھائیس لاکھ ڈالر کا ایک بڑا اور کشادہ مکان خریدا تھا، جو گھر نہیں بن سکا۔ دونوں اداکاروں نے ایک عام وجہ ضرور بتائی ہے کہ فلموں کے شیڈیول سے ان کی خانگی زندگی شدید متاثر ہو چکی تھی۔
سکارلٹ جوہانسن اور رائن رینالڈز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ محبت کے زیرِ اثر رشتہ ازدواج میں بندھے تھے اور اب اسی محبت اور خلوص کے تحت اس دائرے سے نکل رہے ہیں اور جتنی دیر وہ اس رشتے میں رہے، وہ قابل تعریف ہے۔ ناقدین کے خیال میں یہ ایک روایتی سا بیان ہے، جو فیشن وگلیمر کی دنیا کا ہر جوڑا علیٰحدگی اور طلاق کے وقت جاری کیا کرتا ہے۔
رنگ وحس کی دنیا میں اپنی آنکھوں اور خطوط کے اعتبار سے منفرد حیثیت کی حامل سکارلٹ جوہانسن ایک کامیاب اداکارہ کے علاوہ گلوکارہ بھی ہیں۔ وہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم آکسفیم کی امدادی سرگرمیوں کی عالمی سفیر بھی ہیں۔
رائن رینالڈز فلم اور ٹیلی وژن کے مصروف اداکار ہیں۔ وہ کینیڈا کی مشہور گلوکارہ الانیس موریسیٹی کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ اِس کینیڈین گلوکارہ نے اس محبت کے ختم ہونے پر اداس گیتوں کا ایک البم بھی ریلیز کیا تھا۔ رینالڈز کا تعلق بھی کینیڈا سے ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی