اداکارہ Milla Jovovich پھر سے شادی کے بندھن میں
23 اگست 200944 سالہ برطانوی فلم ساز اور ہدایتکار پال اینڈرسن کے ساتھ ملا یووو وچ کی پہلی ملاقات سن 2001ء میں فلم ’’ریزیڈینٹ اِیوَل‘‘ کے سَیٹ پر ہوئی تھی۔ تب اینڈرسن اِس فلم کی ہدایات دے رہے تھے۔ یہی فلم بعد میں ملا یووو وچ کی شہرت کا باعث بنی۔
مشہور وَیب سائٹ پیپل ڈاٹ کوم کے مطابق دونوں کی شادی بیورلی ہلز میں اُن کے گھر کے باہر منعقدہ ایک چھوٹی سی تقریب میں ہوئی، جس میں اُن دونوں کی بیس ماہ کی بیٹی ایور گابو بھی شریک تھی۔ مجموعی طور پر محض کوئی پچاس مہمان اِس تقریب میں مدعو تھے۔ ان مہمانوں میں ممتاز اداکار پیٹرک ڈیمپسی بھی اپنی اہلیہ جولیان کے ساتھ موجود تھے۔ یووو وچ نے کچھ عرصہ پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اُن کا محض اپنے قریبی دوستوں اور عزیزوں کو ہی اِس تقریب میں مدعو کرنے کا پروگرام ہے۔
شادی کے موقع پر دلہن نے ساٹھ کے عشرے میں رائج فیشن کے انداز کا ایک مختصر لباس پہن رکھا تھا۔ تقریب کے بعد مہمانوں کو استقبالیہ دیا گیا، جس میں کیوبا کے موسیقاروں نے کیوبا کے روایتی انداز میں ڈرمز بجائے۔
ملا یووو وچ کی یہ تیسری شادی ہے۔ 1992ء میں اپنی پہلی شادی کے وقت وہ محض سولہ برس کی تھیں۔ یہ شادی فوراً بعد ہی ختم ہو گئی تھی۔ 1999ء میں یووو وچ ’’دا ففتھ ایلیمنٹ‘‘ جیسی منفرد فلم بنانے والے ہدایتکار لُوک بیساں کی شریکِ حیات بنیں۔ یہ شادی بھی محض دو سال برقرار رہی تھی۔
شادی سے پہلے پیپل ڈاٹ کوم سے باتیں کرتے ہوئے ملا یووو وچ نے کہا تھا کہ ایک بچے کی ماں بننے کے بعد اُن کی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہو گئی ہے۔ اب وہ اپنے کیریئر کی پروا نہیں کرتیں اور نہ ہی یہ سوچتی ہیں کہ دوسرے لوگ اُن کے بارے میں کیا کہتے ہوں گے۔ یووو وچ نے کہا تھا کہ بچہ اور اُن کا کنبہ ہی اب اُن کی اوّلین ترجیح ہے۔ یووو وچ کے مطابق اُنہوں نے گھر میں ایک اکیلے بچے کے طور پر پرورش پائی اور اب وہ یقینی طور پر مزید بچوں کی خواہاں ہیں کیونکہ وہ ایک بڑے گھرانے کا خواب رکھتی ہیں۔
ہالی وُڈ کی اِس اداکارہ کو آج کل اُس کی تازہ ترین فلم ’’اے پرفیکٹ گَیٹ اَوے‘‘ میں دیکھا جا سکتا ہے، جو سات اگست کو ہی ریلیز ہوئی ہے۔ اینڈرسن کی اب تک آخری فلم ’’ڈَیتھ ریس‘‘ تھی، جو گذشتہ سال منظرِ عام پر آئی۔ اِس کی کہانی بھی اُنہوں نے خود لکھی اور ہدایات بھی خود ہی دی تھیں۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: ندیم گِل