1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اداکار رابن ولیمز کی رحلت: بظاہر خودکشی

عابد حسین12 اگست 2014

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمال میں واقع کاؤنٹی میرین کے انتظامی افسر کے مطابق اداکار رابن ولیمز اپنےگھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں خودکشی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Robin Williams
روبن ولیمز کی ایک تازہ تصویر جو رواں برس جولائی میں کھینچی گئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa

شمالی کیلیفورنیا کی میرین کاؤنٹی کے شیریف کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلان میں بتایا گیا کہ تریسٹھ سالہ رابن ولیمز اپنےگھر میں بےحس پائے گئے اور ڈاکٹروں کی جانب سے طبی معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ شیریف کے دفتر کے مطابق اِس کا امکان ہے کہ رابن ولیمز کی موت آکسیجن کی کمی سے ہو سکتی ہے جو بظاہر خودکشی کا عمل ہو سکتا ہے۔ شیریف آفس نے موت کی حتمی وجہ بتانے سے گریز کیا کیونکہ تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ رابن ولیمز کو منشیات کی عادت ترک کرنے کے کوششوں کے تناظر میں امریکی ریاست مینیسوٹا کے ایک بحالی کے مرض میں داخل کروایا گیا تھا۔ وہ برسوں کوکین استعمال کرتے رہےتاہم ان کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے نشہ کرنا چھوڑ دیا ہے۔

روبن ولیمزتصویر: dapd

نشے کی عادت سے قبل رابن کو امریکی معاشرے میں ایک مدبرانہ شخصیت کے حامل اداکار کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ وہ اپنےاس پروفائل کو پائیدار بنیادوں پر دوبارہ سے اپنانا چاہتے تھے۔ اُن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ولیمز اِن دنوں کسی بھی قسم کی نشہ آور شے یا الکوحل کا استعمال نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اِن دنوں سابقہ شیڈیول سے زیادہ اپنے امور انجام دے رہے تھے۔ پولیس بھی رابن ولیمز کی موت کو بظاہر خودکشی کا فعل قرار دے رہی ہے لیکن حتمی اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے تین شادیاں کیں۔

رابن میکلارین ولیمز امریکی فلم صنعت کا ایک معتبر نام تصور کیا جاتا ہے۔ وہ اداکاری کے علاوہ مختلف آوازوں کی نقالی میں بھی معروف تھے۔ کئی کارٹون فلموں میں اُن کی آواز کا استعمال بھی کیا گیا۔ رابن ولیمز ہلکے پھلکے کرداروں کو کمال مہارت سے نِبھاتے تھے۔ ان کو شہرت ایک ٹیلی وژن سیریز مورک اینڈ مِنڈی سے حاصل ہوئی تھی۔ ان کو تین مرتبہ اکیڈمی ایوارڈ کی نامزدگی حاصل ہوئی تاہم سن1997 میں گُڈ ہِل ہنٹنگ فلم میں بہترین معاون ادار کا آسکر حاصل کرنے میں وہ کامیاب رہے۔ اُن کو مختلف فلموں میں شاندار کردارنگاری پر کئی دوسرے بین الاقوامی ایوارڈز بھی دیے گئے۔

رابن ولیمز کے کیریر میں کئی مشہور فلمیں ہیں۔ ان میں خاص طور پر سن 1987 میں ریلیز ہونے والی گُڈ مارننگ ویتنام کے علاوہ سن 1989 میں ریلیز ہونے والی ڈیڈ پوئٹس سوسائٹی خاصی اہم خیال کی جاتی ہیں۔ اسی طرح سن 1990 میں اویکننگ اور سن 1991 میں ریلیز ہونے والی دی فِشر کنگ نامی فلموں میں اُن کی پرفارمنس کو انتہائی زیادہ سراہا گیا۔ ہلکی پھلکی فلموں میں پوپائی، ہُک، الہ دین، جُمان جی اور برڈ کیج جیسی فلمیں باکس آفس پر ہٹ رہی تھیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں