ادب و ثقافت کی دنیا سے، مختصر مختصر
4 اپریل 2014نوبل انعام یافتہ ادیب مارکیز ہسپتال میں
کولمبیا کے نوبل انعام یافتہ ادیب گابریل گارشیا مارکیز پھیپھڑوں اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کے باعث میکسیکو سٹی کے ایک ہسپتال میں داخل ہیں۔ ڈاکٹروں اور اس ادیب کے بیٹے گونزالو کا کہنا ہے کہ علاج کے نتیجے میں اُن کی طبیعت بحال ہو رہی ہے۔ میکسیکو کی سیکرٹری ہیلتھ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ستاسی سالہ مارکیز کو رواں ہفتے پیر کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
ہسپانوی زبان میں لکھنے والے مقبول ترین ادیبوں میں شمار ہونے والے مارکیز گزشتہ تین عشروں سے زیادہ عرصے سے میکسیکو سٹی میں رہائش پذیر ہیں اور حالیہ برسوں میں اُنہوں نے عوامی اجتماعات میں شرکت کم کر دی ہے۔ اُن کے مشہور ترین ناول ’ایک سو سال کی تنہائی‘ کی پچیس سے زیادہ زبانوں میں تقریباً پچاس ملین کاپیاں فروخت ہوئیں۔ مارکیز کو 1982ء میں ادب کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔
احسان دانش کا 100 واں یومِ پیدائش
’شاعر مزدور‘ کہلانے والے اردو کے معروف شاعر احسان دانش مرحوم کا اس سال ایک سوواں یومِ پیدائش منایا جا رہا ہے۔ وہ 1914ء میں بھارتی ریاست اُتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے ایک گاؤں کاندھلہ میں پیدا ہوئے اور اُن کا انتقال بائیس مارچ 1982ء کو پاکستانی شہر لاہور میں ہوا۔ اُنہوں نے نظم و نثر میں اَسّی سے زیادہ کتابیں تصنیف کیں، جن میں ’دیوانِ غالب‘ کی شرح بھی شامل ہے تاہم اُن کی آپ بیتی ’جہانِ دانش‘ کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔
ہسپانوی مصور ایل گریکو کی 400 ویں برسی
ایل گریکو اسپین کے عظیم ترین مصوروں میں شمار ہوتے ہیں اور اس سال اُن کی چار سو ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر رواں سال اسپین بھر میں اس مصور کے فن پاروں کی بڑی نمائشوں کا ا ہتمام کیا جا رہا ہے۔ وہ یونان میں پیدا ہوئے لیکن انہوں نے اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ اسپین کے شہر تولیدو میں گزارا۔ ایل گریکو کے بہت سے اہم شاہکار دنیا کے چوٹی کے عجائب گھروں سے ان نمائشوں کے لیے مستعار لیے گئے ہیں۔
نازیہ حسن کا پچاس واں یومِ پیدائش
تین اپریل کو پاکستان کی نامور گلوکارہ نازیہ حسن کا پچاسواں یومِ پیدائش منایا گیا۔ وہ تین اپریل 1965ء کو پیدا ہوئی تھیں۔ بھارتی فلم ’قربانی‘ کے لیے اُن کے گیت ’آپ جیسا کوئی‘ کو اُس وقت شہرت حاصل ہوئی تھی، جب اُن کی عمر ابھی صرف پندرہ برس تھی۔ اس گیت کے لیے اُنہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے بعد گلوکارہ کے طور پر اُن کے ایک شاندار کیریئر کا آغاز ہوا، جس کے دوران اُن کے گیتوں کے کئی البم منظرِ عام پر آئے۔ نازیہ حسن کی شادی 1995ء میں ہوئی اور 1997ء میں اُنہوں نے ایک بیٹے عریض حسن کو جنم دیا تھا۔ اُن کا کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو جانا اُن کے مداحوں کے لیے ایک بڑے دھچکے کے مترادف تھا۔ نازیہ حسن بالآخر کینسر کے خلاف اپنی جنگ ہار گئیں اور تیرہ اگست 2000ء کو انتقال کر گئیں۔ اپنے خوبصورت گیتوں کی وجہ سے وہ اپنے پرستاروں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔
اوکتاویو پاز کی ایک سو ویں سالگرہ
اکتیس مارچ کو میکسیکو کے نوبل انعام یافتہ شاعر اور ادیب اوکتاویو پاز کی ایک سو ویں سالگرہ منائی گئی۔ اکتیس مارچ 1914ء کو میکسیکو سٹی میں پیدا ہونے والے پاز کا اپنے اسی آبائی شہر میں 1998ء میں انتقال ہو گیا تھا۔
پاز کے ایک سو سالہ یومِ پیدائش کے حوالے سے ملک بھر میں نہ صرف نمائشوں اور مذاکروں کا انعقاد کیا گ یا بلکہ اُن کی کتابوں کے نئے ایڈیشن بھی شائع کیے گئے۔