1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اذلان شاہ کپ: ٹیم میں فائٹنگ اسپرٹ لائیں گے، سہیل عباس

21 مئی 2012

اکیسواں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ جمعرات سے ملائشیا کے شہر ایپوہ میں شروع ہو رہا ہے۔گز شتہ نو برس سے پاکستان ہاکی اس ٹائٹل سے محروم چلی آرہی ہے۔

تصویر: DW

نئے پاکستانی کپتان سہیل عباس کہتے ہیں کہ وہ جیت کا دعویٰ نہیں کرتے کیونکہ دوسری ٹیمیں ان سے بہتر ہیں۔ ڈوئچے ویلے کو لاہور میں دیے گئے انٹرویو میں سہیل عباس نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے سات ماہ سے کوئی بڑا میچ نہیں کھیلا اور لاہور میں بروقت نیلی آسٹرو ٹرف کے نہ بچھنے سے پاکستان ٹیم کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں۔

اولمپکس سر پر ہونے کے باوجود اذلان شاہ کپ کے لیے پاکستانی سلیکٹرز نے سابق کپتان محمد عمران ، شکیل عباسی اور سلمان اکبر جیسے نامور کھلاڑیوں کو نظر انداز کر کے حالیہ جونئیرز ایشیا کپ کی رنرز اپ ’پاکستان جونیر ہاکی ٹیم‘ کے کپتان کاشف شاہ، خالد بھٹی اورعلی شان سمیت چھ کھلاڑیوں کو موقع دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے سہیل عباس کہتے ہیں، ’’ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی شامل ہیں، تاہم میری کوشش ہوگی کہ جلد از جلد ٹیم کو متحد کروں اور کھلاڑیوں میں جیت کی تحریک پیدا کرسکوں۔‘‘سہیل عباس کا کہنا تھا وہ پاکستانی ٹیم کو اچھا ماحول دینے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ میں اپنا پہلا میچ جمعرات کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گیتصویر: DW

اکیسویں اذلان شاہ کپ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، برطانیہ، جنوبی کوریا، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ اور میزبان ملائشیا کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ان ٹیموں کے ساتھ پاکستانی سکواڈ کا موازنہ کرتے ہوئے سہیل عباس کا کہنا تھا، ’’یہ ٹیمیں متواتر ایک دوسرے سے کھیل کر اچھی فارم میں ہیں۔ انہیں نیلی ٹرف پر بھی کھیلنے کا تجربہ ہے جبکہ ہم نے نیلی ٹرف تاحال دیکھی تک نہیں مگر پھر بھی لڑکوں کو باور کرانے کی کوشش کروں گا کہ ٹیمیں نہیں جذبے لڑتے ہیں۔‘‘

سہیل عباس کہتے ہیں کہ لڑکوں کو باور کرانے کی کوشش کروں گا کہ ٹیمیں نہیں جذبے لڑتے ہیںتصویر: DW

پنالٹی کارنر اسپیشلٹ سہیل عباس چودہ برس سے انٹر نینشل ہاکی کھیل رہے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے تین سو اڑسٹھ میچوں میں تین سو اڑتیس گول کرے عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں مگر انہیں ٹیم کی قیادت ایک ایسے مرحلے پر سونپی گئی ہے، جب انہوں نے گز تشہ برس نومبر میں آکلینڈ چمپئنز ٹرافی میں زخمی ہونے کے بعد سے تاحال کوئی بین لاقوامی میچ نہیں کھیلا۔ اپنی فٹنس اور فارم کے حوالے سے چونتیس سالہ سہیل عباس کہتے ہیں، ’’میں اس عرصے میں ہاکی سے دور رہا تاہم فزیکل ٹریننگ کرتا رہا، جس کی وجہ سے سے اِس وقت ماضی سے کہیں زیادہ فٹ ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہمیشہ کھلاڑی کی فٹنس اور کاکرکردگی دیکھی جاتی ہے مگر ہمارے ہاں عمر کا شور مچایا جاتا ہے، جس طرح کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے معاملے میں ہوا۔ سہیل عباس کے بقول کھلاڑی کی اصل کارکردگی تیس برس کے بعد ہی سامنے آنا شروع ہوتی ہے۔

سہیل عباس کی قیادت میں پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ میں اپنا پہلا میچ جمعرات کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔ ماضی میں پاکستان کو تین مرتبہ سلطان اذلان شاہ کپ کا چمپئین بنوانے میں سہیل عباس کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔

رپورٹ: طارق سعید، لاہور

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں