ارجنٹائن کے فٹبالرز کے متنازع ریمارکس پر فرانس کی کارروائی
17 جولائی 2024فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن نے ارجنٹائن کے خلاف عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی، فیفا، کے پا س شکایت درج کرائی ہے۔
فرانسیسی فٹبال فیڈریشن (ایف ایف ایف) نے منگل کے روز کہا کہ ارجنٹائن کے کوپا امریکہ ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد اس کی فٹ بال ٹیم کے ارکان کی طرف سے فرانسیسی کھلاڑیوں پر نسل پرستانہ نعرے لگانے کے واقعے کے خلاف اس نے عالمی فٹ بال کی گورننگ باڈی، فیفا، میں شکایت درج کرانے اور قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’فرانسیسی فٹ بالرز کو اندرون اور بیرون ملک توہین کا نشانہ بنانے کا سخت نوٹس لیا جائے‘
ایف ایف ایف کے صدر فلپ ڈیالو نے ایک بیان میں "فرانسیسی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف ناقابل قبول نسل پرستانہ اور امتیازی ریمارکس کی سخت مذمت کی۔"
فرانس کی وزیر اسپورٹس امیلی اوڈیا کاسٹیرا نے ارجنٹائن کے ریمارکس کو "افسوس ناک" قرار دیا اور فیفا سے اس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا، "یہ رویہ انتہائی ناقابل قبول ہے کیونکہ اسے دہرایا گیا۔ فیفا آپ کا ردعمل؟"
کون سا نعرہ لگایا گیا تھا؟
کوپا امریکہ ٹورنامنٹ میں اتوار کو میامی میں کولمبیا کے خلاف فتح کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو لے جانے والی بس میں سوار مڈ فلڈر اینزو فرنانڈیز نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا۔ اس میں ارجنٹائن کے کھلاڑی سن 2022 میں عالمی کپ فٹ بال کے فائنل سے متعلق گانا گاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ارجنٹائن نے فائنل میچ میں فرانس کو شکست دے دی تھی۔
ارجنٹائن فرانس کو شکست دے کر فٹ بال کا عالمی فاتح بن گیا
اس گانے میں فرانس کے اسٹار اسٹرائیکرکائلیان ایم باپے کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ہوموفوبک گالیاں بھی شامل ہیں۔ گانے میں افریقی نسل کے فرانسیسی کھلاڑیوں کی تضحیک بھی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سن 2018 کے عالمی کپ فٹ بال کے فائنل میں چیمپئن فرانس سے ہارنے کے بعد سے ہی ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیل کے میدان پرسخت دشمنی پائی جاتی ہے۔
ایف ایف ایف نے دو سال قبل بھی سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ تبصروں کے خلاف شکایت درج کرائی تھی، جب بیونس آئرس میں ورلڈ کپ تقریبات کے دوران لی گئی ویڈیوز میں ایم باپے کے خلاف نسل پرستانہ نعرے دکھائے گئے تھے۔
ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی)