1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اردن اسرائيلی سرحد پر تين اسرائيلی محافظ ہلاک

8 ستمبر 2024

اردن اسرائيلی سرحد پر ايک حملہ آور کی کارروائی ميں تين اسرائيلی محافظ جبکہ غزہ ميں ايک طبی تنظيم کے سينئر اہلکار اپنے اہل خانہ سميت ہلاک ہو گئے ہيں۔ حزب اللہ اور اسرائيلی فورسز کے مابين تازہ جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہيں۔

Israel | Allenby Grenzübergang nach Jordanien
تصویر: Ahmad Gharabli/AFP/Getty Images

اسرائيلی فوج نے دعویٰ کيا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور اردن کی سرحدی گزر گاہ پر ايک ٹرک ڈرائيور نے فائرنگ کر کے تين اسرائيلی گارڈز کو ہلاک کر ديا ہے۔ سکيورٹی فورسز نےجوابی کارروائی ميں حملہ آور کو بھی ہلاک کر ديا۔ فوجی بيان کے مطابق ٹرک ڈرائيور اپنی گاڑی سے اترا اور اس نے سرحدی گزرگاہ پر تعينات اسرائيلی محافظوں پر فائرنگ کر دی۔ اسرائيل کا دعویٰ ہے کہ 'دہشت گرد‘ اردن سے اس علاقے ميں داخل ہوا تھا۔ اسرائيلی حکام نے قبل ازيں کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے عام شہری تھے تاہم بعد ازاں وضاحت کی گئی کہ وہ سرحدی محافظ تھے مگر وہ پوليس يا فوج کا حصہ نہ تھے۔

کنگ حسين برج بارڈر کراسنگتصویر: Ahmad Gharabli/AFP/Getty Images

فلسطينی تنظيم حماس کی جانب سے گزشتہ برس سات اکتوبر کو کيے گئے دہشت گردانہ حملے اور اس کے رد عمل ميں شروع ہونے والی حماس اور اسرائيل کی جنگ کی وجہ سے مغربی کنارے ميں بھی تشدد ميں اضافہ ديکھا گيا ہے۔ حماس کو يورپی يونين، امريکا اور چند ديگر مغربی ملک 'دہشت گرد‘ تنظيم قرار ديتے ہيں۔

امریکی اور برطانوی خفیہ اداروں کے سربراہان کا غزہ میں فائر بندی پر زور

صرف فوجی طریقہ غزہ کی جنگ کا کوئی حل نہیں، جرمن وزیر خارجہ

غزہ میں جنگ بندی معاہدہ اب ناگزیر ہو چکا، امریکہ

سات اکتوبر سے اب تک اسرائيلی فوج يا مشتعل آباد کاروں کی جانب سے صرف مغربی کنارے ميں 662 فلسطينيوں کو ہلاک کيا جا چکا ہے۔ اس دوران فلسطينيوں کے حملوں ميں 23 اسرائيلی بھی ہلاک ہو چکے ہيں، جن ميں سکيورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہيں۔

تصویر: Ashraf Amra/Anadolu/picture alliance

حزب اللہ اور اسرائيلی فورسز کے مابين جھڑپيں

دريں اثناء لبنانی عسکريت پسند تنظيم حزب اللہ اور اسرائيلی سکيورٹی فورسز کے مابين بھی جھڑپوں کی اطلاعات ہيں۔ اتوار کو فريقين نے اس کی تصديق کی۔ حزب اللہ کے مطابق اس کی جانب سے شمالی اسرائيل ميں کريات شمانا کے شہر کو نشانہ بنايا گيا۔ اس تنظيم کے مطابق اس کی جانب سے 'دشمن کے حملوں کے رد عمل ميں يہ کارروائی کی گئی، بالخصوص اس حملے کے جواب ميں جس ميں لبنانی ديہات فرون ميں ايمرجنسی رضاکار مارے گئے۔ قبل ازيں ہفتے کو لبنانی وزارت صحت نے بتايا تھا کہ فرون ميں ايک اسرائيلی حملے ميں ايمرجنسی سروسز مہيا کرنے والے تين اہلکار ہلاک اور دو ديگر زخمی ہو گئے تھے۔

ان جھڑپوں کے بارے ميں اسرائيلی فوج کے اتوار کو جاری کردہ بيان ميں کہا گيا کہ رات گئے حزب اللہ کے ميزائل حملوں کو ناکام بنايا گيا جب کہ اس عسکريت پسند تنظيم کے ٹھکانوں کو بھی ہدف بنايا گيا۔

غزہ میں سول ايمرجنسی سروس کے ڈپٹی ڈائريکٹر ہلاک

غزہ پٹی کے شمالی حصے ميں ايک اسرائيلی فضائی حملے ميں غزہ سول ايمرجنسی سروس کے ڈپٹی ڈائريکٹر محمد مرسی اپنے چار اہل خانہ کے ہمراہ ہلاک ہو گئے۔ طبی حکام نے ان کی ہلاکت کی تصديق کی ہے۔ سول ايمرجنسی سروس کے مطابق سات اکتوبر سے اب تک اس امدادی ادارے کے 83 اہلکار اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے جا چکے ہيں۔

ابھی تک اسرائيل کی جانب سے اس پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔ 

جباليہ ميں علاقہ مکينوں نے نيوز ايجنسيوں کو بتايا ہے کہ شہر سے پانچ کلوميٹر کے فاصلے پر واقع زيتون نامی علاقے ميں بھی اسرائيلی فوج کے حملوں ميں کئی رہائشی عمارات کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائيل اور حماس کی جنگ ميں مقامی وزارت صحت کے مطابق اب تک 40,972 فلسطينی ہلاک ہو چکے ہيں۔ غزہ کی 2.3 ملين کی آبادی کا اکثريتی حصہ بے گھر بھی ہو چکا ہے۔

اسرائیل کے ساتھ جنگ کا خدشہ: سیاح لبنان سے نکلتے ہوئے

02:47

This browser does not support the video element.

ع س/ا ب ا، ع ا (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں