1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارون جیٹلی انتقال کر گئے

24 اگست 2019

بھارت کے سابق وزیر خزانہ اور نریندر مودی کی پہلی حکومت کے ایک اہم کابینہ رکن ارون جیٹلی 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

Indien Ex Finanzminister Arun Jaitley
تصویر: Getty Images/S. Hussain

آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی طرف سے آج ہفتہ 24 اگست کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ارون جیٹلی کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔  بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان کا انتقال مقامی وقت کے مطابق دن 12:07 منٹ پر ہوا۔ انہیں دو ہفتے قبل سانس کی تکلیف اور بے چینی کی شکایت کے سبب نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔

ارون جیٹلی نریندر مودی کی قیادت میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی 2014ء میں بننے والی حکومت میں وزیر خزانہ اور وزیر دفاع کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ تاہم رواں برس مئی میں ہونے والے انتخابات میں انہوں نے اپنی خراب صحت کے باعث میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

جیٹلی ذیابیطس کے مرض کا شکار تھے اس کے علاوہ انہوں نے 2014ء میں وزن میں کمی کے لیے سرجری بھی کرائی تھی۔ اس کے علاوہ سال 2018ء میں انہوں نے گردوں کا ٹرانسپلانٹ بھی کرایا تھا اور اس کے علاوہ وہ علاج کی غرض سے امریکا بھی گئے تھے۔ اس کے بعد سے ان کی طبیعت مسلسل ناساز تھی اور ان میں کینسر کے مرض کی تشخیص بھی ہوئی تھی۔

سات اگست کو بھارت کی سابق وزیر خارجہ اور اس جماعت کی ایک انتہائی اہم رہنما سشما سوراج 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

پیشے کے اعتبار سے وکیل ارون جیٹلی نے 1970ء کی دہائی میں بطور طالب علم لیڈر اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا تھا۔

ارون جیٹلی کے انتقال پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت اہم سیاستدانوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس وقت متحدہ عرب امارات کے دورے پر گئے ہوئے نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا، ''ارون جیٹلی ایک قدآور سیاسی شخصیت اور غیر معمولی ذہانت کے حامل تھے۔ وہ طاقتور انداز گفتگو رکھنے والے ایسے رہنما تھے جن کی بھارت کے لیے خدمات لازوال ہیں۔ ان کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘

جیٹلی کا انتقال دو ہفتوں کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے دوسرا بڑا دھچکا ہے۔ سات اگست کو بھارت کی سابق وزیر خارجہ اور اس جماعت کی ایک انتہائی اہم رہنما سشما سوراج 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ت (ڈی پی اے، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں