اُسامہ بن لادن کا بیٹا فرانس سے ملک بدر
8 اکتوبر 2024اُسامہ بن لادن کے بیٹے عمر بن لادن گزشتہ کئی برسوں سے شمالی فرانس کی حسین وادی نارمنڈی کے ایک گاؤں میں رہائش پزیر تھے اور حسین قدرتی نظاروں کی مصوری کرتے تھے۔ عمر بن لادن کی ملک بدری کی وجہ اُن کی طرف سے سوشل میڈیا پر دہشت گردی کی عظمت اور تکبیر سے بھرپور مواد پوسٹ کرنا بنی۔
فرانس کے وزیر داخلہ برونو ریٹائلیو نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے عمر بن لادن پر فرانس میں لگنے والی پابندی کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں مزید یہ کہ عمر بن لادن کو پہلے ہی فرانس سے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ فرانسیسی وزیر داخلہ نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ عمر بن لادن کو کب ملک بدر کیا گیا اور اُنہیں کہاں بھیجا گیا ہے۔
حمزہ بن لادن کون تھا: اسامہ بن لادن کا بیٹا مارا گیا، امریکی حکومت
فرانسیسی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرایک پوسٹ میں لکھا،'' مسٹر بن لادن ، جو کئی سالوں سے ایک برطانوی نژاد اہلیہ کے شوہر کی حیثیت سے ایک پہاڑی پر آباد ''اورن‘‘ کے علاقے میں مقیم تھے۔ انہوں نے 2023 ء میں سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر ایسے تبصرے پوسٹ کیے تھے، جو دہشت گردی کی تعریف اور عظمت بیان کرنے کے مترادف تھے۔ فرانسیسی وزیر کے بقول،''یہ انتظامی پابندی اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ مسٹر بن لادن کبھی بھی اور کسی بھی وجہ سے فرانس نہیں آسکتے۔‘‘
تاہم فرانسیسی میڈیا کی طرف سے ملک بدری کے اعلان پر تبصرے کے لیے عمر بن لادن کے ساتھ فوری طور سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
’جہاد کے فرمانروا‘ کے سر کی قیمت
فرانس کے ہفتہ وار مقامی اخبار Le Publicateur Libre کے مطابق عمر بن لادن کی طرف سے اُن کے والد اسامہ بن لادن کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے والے پیغامات دراصل فرانسیسی حکام کی توجہ کا سبب بنے۔ یاد رہے کہ اسامہ بن لادن 2011 ء میں پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں امریکی افواج کے حملے میں مارے گئے تھے۔
بن لادن کا پتہ چلانے میں آئی ایس آئی نے امریکا کی مدد کی، عمران خان
عمر بن لادن کی طرف سے ایکس پر پوسٹ کیے گئے جس پیغام کے تناظر میں فرانسیسی حکام نے انہیں ملک بدر کرنے کا فیصلہ اور اعلان کیا، اُسے فوری طور خبر رساں ادارہ روئٹرز تلاش نہیں کر سکا۔
فرانسیسی اخبار نے جولائی 2023 ء میں ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ فرانس کی پولیس عمر بن لادن کو فرانس کے ایک تاریخی اور قرون وسطیٰ سے آباد ایک شہر '' ڈوم فورٹ‘‘ میں تلاش کر رہی تھی۔
ک م/ ش ر(روئٹرز)