1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

اسد کے بعد اسرائیل اور شام کے لیے آگے کا راستہ کیا ہے؟

11 دسمبر 2024

اسرائیل نے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا خیرمقدم ہی نہیں بلکہ اس کا کچھ کریڈٹ بھی لیا ہے۔ تاہم اسرائیل نے شام کے سینکڑوں مقامات پر بمباری کی ہے اور اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوجی شام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

شام میں اسرائیلی بمباری سے ہونے والی تباہی
مانیٹرنگ گروپوں کا کہنا ہے کہ ہفتے کے اواخر سے اب تک اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام میں چار سو سے زیادہ اہداف پر حملہ کیا ہے، جس میں شام کے فوجی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا ہے، تصویر: DELIL SOULEIMAN/AFP/Getty Images

شام کے آمر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل اس بات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کہ آخر آگے کیا ہوتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک شام میں ہونے والی تبدیلیاں مواقع اور خطرات دونوں پیش کرتی ہیں۔

مانیٹرنگ گروپوں نے بتایا ہے کہ ہفتے کے اواخر سے اب تک اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام میں چار سو سے زیادہ اہداف پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں شام کے فوجی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں فضائی اڈے، وہ جگہیں جہاں مبینہ طور پر راکٹوں کی تحقیق کی گئی اور جہاں کیمیائی ہتھیاروں کو ذخیرہ کیا گیا، جیسے مقامات شامل ہیں۔ ان اہداف میں شام کے دارالحکومت دمشق کا ایک مقام بھی تھا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے پیر کے روز یروشلم میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے ان اسٹریٹجک ہتھیاروں کے نظام پر حملہ کیا، تاکہ باقی ماندہ کیمیائی ہتھیار، یا طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور راکٹ شدت پسندوں کے ہاتھ نہ لگ جائیں۔" انہوں نے ان خطرات کی جانب نشاندہی کی، جن کے بارے میں پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسد حکومت کے خاتمے سے ایران کمزور نہیں ہوا، پاسداران انقلاب

اس کے بعد اسرائیلی فوجی اس غیر فوجی بفر زون میں داخل ہو گئے جو اسرائیل اور شام کے درمیان واقع ہے اور جہاں اقوام متحدہ کے امن دستے گشت کرتے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوجی اس بفر زون سے بھی آگے بڑھ گئے، جو دمشق سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ دونوں ممالک کے درمیان سن انیس سو چوہتر کے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد سے اسرائیلی فوجی شام میں اتنی اندر تک پہلی بار داخل ہوئے ہیں۔

منگل کی صبح تین ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ اسرائیلی فوجی اب دمشق کے جنوب مغرب میں محض 25 کلومیٹر  کے فاصلے پر موجود ہیں۔ تاہم اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس کی تردید کی ہے۔

اسد حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل کے شام پر 300 حملے

اسرائیل نے گزشتہ ہفتے کے اواخر سے اب تک شام کے اندر چار سو سے بھی زائد فضائی حملے کیے ہیں اور اطلاعات کے مطابق اس کی فوجیں شام کے اندر پیش قدمی کر رہی ہیں تصویر: DELIL SOULEIMAN/AFP/Getty Images

شام کے اندر اسرائیلی فوج داخل؟

اسرائیل نے سن 1967 میں گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا اور پھر سن 1981 میں اس علاقے کو اپنے ملک میں ملا لیا۔ امریکہ کے علاوہ زیادہ تر عالمی برادری اس علاقے کو شام کا حصہ سمجھتی ہے اور مانتی ہے کہ اسرائیل اس پر غیر قانونی طور پر قابض ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فوجی اقدام کی یہ کہہ کر وضاحت کی کہ یہ ضروری تھا کیونکہ اسد حکومت کی وفادار فوج اس علاقے سے انخلا کر چکی ہے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ "اسرائیل اور شام کے درمیان سن 1974 میں فورسز کی علیحدگی کا جو معاہدہ ہوا تھا، وہ ختم ہو گیا ہے۔"

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کا یہ اقدام عارضی ہے اور یہ تب تک جاری رہے گا جب تک کوئی نیا انتظام نہیں کر لیا جاتا۔

حلب کے زیادہ تر حصے پر باغیوں کا کنٹرول ہے، سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس

انہوں نے یروشلم میں ایک پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ "اگر ہم شام میں ابھرنے والی نئی قوتوں کے ساتھ ہمسایہ جیسے تعلقات اور پرامن تعلقات قائم کر سکے، تو یہ ہماری خواہش ہے۔" "لیکن اگر ہم ایسا نہیں کر پاتے ہیں، تو ہم اسرائیل کی ریاست اور اسرائیل کی سرحد کے دفاع کے لیے جو بھی کرنا پڑے وہ کریں گے۔"

لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ "گولان ہمیشہ کے لیے اسرائیلی ریاست کا حصہ رہیں گی۔"

شام کو جنگ میں نہ گھسیٹا جائے، اقوام متحدہ کا مطالبہ

اسرائیل پر بڑھتی تنقید

ان اطلاعات پر کہ اسرائیلی فوجی شام میں مزید پیش قدمی کر رہے ہیں، تنقید بھی بڑھ رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ ایسا کوئی بھی اقدام سن 1974 کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

اسرائیل کے سخت ترین  اور مضبوط اتحادی امریکہ نے بھی کہا ہے کہ یہ اقدام صرف عارضی ہونا چاہیے۔ اسرائیل کے شمالی پڑوسی، اردن کے وزیر خارجہ نے فوجیوں کی نقل و حرکت کی مذمت کی اور سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی نقل و حرکت کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل "شام کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کی بحالی کے امکانات کو سبوتاژ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔"

اسرائیلی جنگی ٹینک پھر شمالی غزہ میں

اسرائیلی فوجی کی بمباری میں تباہ ہونے والا ہتھیاروں کا ایک ذحیرہ جہاں ایک شامی بجہ تباہی کے بعد وہاں سے فضلہ جنتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے تصویر: DELIL SOULEIMAN/AFP/Getty Images

شامی امور کے ماہر اور تل ابیب یونیورسٹی کے وائس ریکٹر ایال زیسر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "گرچہ یہ عارضی ہی کیوں نہ ہو، مقصد کیا ہے؟ میں یہ سمجھ سکتا ہوں کہ وہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں پر بمباری اور حملے کیوں کر رہے ہیں، جو حکومت نے چھوڑے تھے۔ لیکن فوجیوں کو آگے بڑھانے کے لیے، یہ کیا ہے؟ شام کا موڈ اسرائیل کے خلاف نہیں ہے، بالکل بھی اسرائیلی سمت میں نہیں ہے۔ کسی نے اسرائیل کا ذکر تک نہیں کیا۔ تو آخر کیوں؟ اپنے آپ کو زبردستی اس میں الجھانے پر مجبور کر رہے ہیں؟"

اسرائیل اور شام کے لیے آگے کیا ہو گا؟

اسرائیلی صحافی ناداو ایال نے اتوار کے روز ایک معروف اخبار میں لکھا، "اسد کا زوال مشرق وسطیٰ میں دیوار برلن کے گرنے کے مترادف ہے۔ اس وجہ سے نہیں کہ ایک کمزور اور ناکام ڈکٹیٹر، بلکہ اس وجہ سے کہ وہ جس علامت کو ظاہر کرتے تھے۔ حزب اللہ کو اسرائیل نے بری طرح مارا ہے اور ایرانیوں کو بھی دھول چٹائی ہے، جبکہ وہ شام میں ذلت آمیز شکست سے خوفزدہ بھی تھے۔" 

انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ، جس رفتاری سے شامی حکومت کا خاتمہ ہوا، اسرائیل کی زیادہ تر انٹیلیجنس سروسز بشمول ملٹری انٹیلیجنس اس سے حیران رہ گئے۔

تل ابیب یونیورسٹی کے ماہر زیسر نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "یہ سبھی کے لیے، خاص طور پر بشار الاسد، ایرانیوں، روس اور حزب اللہ کے لیے بھی حیران کن تھا۔ ایک نکتہ جس پر میں زور دینا چاہوں گا وہ یہ ہے کہ یہ کوئی انقلاب یا احتجاج یا بغاوت نہیں تھی۔ یہ اس فوج کا ایک حملہ تھا جسے ترکی کی سرپرستی میں (شام کے باغی رہنما ابو محمد) الجولانی نے تیار کیا تھا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے لیے "مثبت پہلو" یہ ہے کہ "بشار الاسد ایران اور حزب اللہ کے درمیان ایک اہم رابطہ تھے۔ اور اب ایران کے پاس شام کی پشت پناہی نہیں رہی، اس لیے یہ ایک بڑی پیش رفت ہے۔"

اسرائیل میں عام نظریہ یہ ہے کہ الجولانی کی قیادت والی حیات التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) اور دیگر اتحادی گروپوں کی پیش قدمی اسرائیل کے بغیر نہیں ہو سکتی تھی۔

اسرائیل کے روزنامہ ہاریٹز میں اموس ہیرل نے لکھا، "یہ لبنان میں ایران اور حزب اللہ کی ناکامی کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔ شام کے باغیوں نے ایرانی محور میں کمزوری اور الجھن کی نشاندہی کی اور اس کی کمزور کڑی کو نشانہ بنانے کے لیے جلدی کی۔"

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسد حکومت کا حیرت انگیز طور پر تیزی سے خاتمہ صرف اسرائیل کی جانب سے ایرانی اتحادی گروپوں کو کمزور کرنے کی وجہ سے نہیں ہوا۔ روس برسوں سے اسد خاندان کی حکومت کا اتحادی رہا ہے اور شام میں اس کا ایک اہم بحری اڈہ  بھی ہے۔

سن 2015 میں شام کی خانہ جنگی میں بڑے پیمانے پر فضائی مہم چلا کر مداخلت کی تھی۔ لیکن روس اس وقت یوکرین میں الجھا ہوا ہے اور اس کے بہت سے جنگی طیارے مشرقی یورپ میں واپس چلے گئے ہیں۔ روسی دوبارہ مداخلت کرنے کو تیار نہیں تھے، حالانکہ اس کے بعد بھی انہوں نے اسد اور ان کے خاندان کو روس میں سیاسی پناہ  دے دی۔

ممکن ہے کہ شام، حزب اللہ اور ایران کی طرف سے خطرات وقتی طور پر کم ہو گئے ہوں، تاہم شام کی اگلی حکومت کی نوعیت اب بھی اسرائیل کے لیے طویل المدتی چیلنجز کھڑی کر سکتی ہے۔ ایچ ٹی ایس جیسے گروپس کی جڑیں انتہا پسندانہ نظریے سے جڑی ہوئی ہیں اور مختصر مدت کے اندر ان کے رويئے کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔

زیسر کا کہنا ہے کہ "بشار الاسد کے وقت میں آپ کو بخوبی معلوم تھا کہ کم از کم گولان کی پہاڑیوں میں کیا ہو رہا ہے۔ اب کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔ اور اسرائیل میں لوگ بالکل اسی طرح پریشان ہیں، جیسے اردن یا دوسرے ممالک میں ہیں۔"

ص ز/ ج ا (تانیہ کریمر)

بشار الاسد کے بعد شام کا مستقبل کیسا ہو گا؟

03:00

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں