1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

اسرائیلی فورسز کے چھاپے کے دوران دو فلسطینی ہلاک

1 مارچ 2022

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران جھڑپوں میں دو فلسطینی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی عمر اٹھارہ اور بائیس برس بتائی گئی ہے۔

اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارہ
فائل فوٹو: فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جھڑپ کے دوران دو افراد ہلاک ہو گئے۔تصویر: Shadi Jarar'Ah/Zumapress/picture alliance

اسرائیلی سرحدی پولیس نے منگل یکم مارچ کو بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گزشتہ شب اسرائیلی پولیس افسر اور بعض انڈر کوور اہلکار جنین مہاجر کیمپ میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کر رہے تھے۔ اسرائیلی سکیورٹی فورسز اس مشتبہ شخص کو 'دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے‘  کی وجہ سے تلاش کر رہی تھیں۔

اسرائیلی فورسز پر حملہ

اسرائیلی پولیس  کے مطابق مطلوبہ شخص کو حراست میں لینے کے بعد فورسز جیسے ہی باہر نکلیں، تو ان پر کئی اطراف سے حملے کیے گئے۔ اس کے ردعمل میں وہاں موجود انڈرکوور فورسز کی جانب سے جوابی فائرنگ  کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس جھڑپ میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد کی جانب سے اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا گیا اور پٹرول بم پھینکے گئے۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق وہ جیسے ہی حملہ آوروں کی گاڑی کے قریب پہنچے تو ایک حملہ آور نے فورسز پر گولی چلائی، اور 'وہ جوابی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا۔‘

یہ فلسطینی کون تھے؟

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جھڑپ کے دوران  دو افراد ہلاک ہو گئے۔ سرکاری نیوز ایجنسی وفا نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں سے ایک شخص بائیس سالہ عبداللہ الحوساری اور دوسرا شخص اٹھارہ سالہ شادی خالد نجم تھا۔ ان دونوں افراد کی موت کے نتیجے میں جنین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اسی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رہا ہونے والے ایک قیدی عماد جمال ابو الھیجہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔

اسرائیلی بستیاں

مقبوضہ مغربی کنارے  میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی دستوں نے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں تین مشتبہ فلسطینیوں کو دن دھاڑے ہلاک کر دیا تھا۔

اسرائیل نے سن 1967 میں اردن کے خلاف چھ روزہ جنگ کے دوران مغربی کنارے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے اس پورے علاقے میں اسرائیل نے آبادکاری کا سلسلہ شروع کر دیا، جو کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ ان اسرائیلی بستیوں  میں تقریباﹰ چار لاکھ پچہتر ہزار اسرائیلی آباد ہیں۔

ع آ / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں