اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پھر کامیاب
18 مارچ 2015
خبر رساں ادارے روئٹرز نے یروشلم سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے سیاسی اتحاد کی طرف سے وزرات عظمیٰ کے امیدوار اسحاق ہرتزوگ نے ٹیلی فون پر نیتن یاہو کو مبارک باد دے دی ہے۔ بعدازاں ہرتزوگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی اتحاد اسرائیل کو ایک بہتر ریاست بنانے کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے تل ابیب میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ انہوں نے اتحادی حکومت کی تشکیل کے لیے دیگر چھوٹی سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں تاکہ حکومت سازی میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے ان انتخابات میں اپنی سیاسی پارٹی کی کامیابی کو اہم قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کو حقیقت کا رنگ دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
ابتدائی نتائج کے مطابق لیکوڈ پارٹی کو تیس نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ 120 نشستوں والی اسرائیلی پارلیمان میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اعتدال پسند اتحاد کو چوبیس سیٹوں پر کامیابی حاصل ہو سکی ہے۔ یوں نیتن یاہو کے لیے چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اسرائیلی آئین کے مطابق اب ملکی صدر نیتن یاہو کو حکومت سازی کی پیشکش کریں گے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق حکومت سازی کے لیے وزیر اعظم نیتن یاہو مطلوبہ اکثریت بغیر کسی مشکل کے حاصل کر لیں گے۔
ادھر فلسطینی نکتہ نظر سے اسرائیلی انتخابات کے یہ نتائج پریشان کن ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ نیتن یاہو نے کہہ رکھا ہے کہ ان کے دور اقتدار میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ممکن نہیں ہے۔ اسی طرح نیتن یاہو چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد ممکنہ طور پر مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔ امریکا اور یورپی یونین بھی متعدد مرتبہ نیتن یاہو کو خبردار کر چکے ہیں کہ متنازعہ علاقوں میں نئے مکانات کا سلسلہ قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
فلسطینی امن مذاکرات کار صائب ایرکات نے اسرائیلی الیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ نیتن یاہو نئی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اس پیشرفت پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’’مسٹر نیتن یاہو نے اپنی سیاسی زندگی میں (مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تجویز کردہ ) دو ریاستی حل کو تباہ کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا ہے۔‘‘ اس فلسطینی رہنما کا یہ کہنا بھی ہے کہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی ) کا رکن بننے کے بعد فلسطینی اتھارٹی اسرائیل پر جنگی جرائم کا مرتکب ہونے کا مقدمہ چلائے گی۔ فلسطینی اتھارٹی یکم اپریل سے اس عالمی ادارے کا باقاعدہ رکن بن جائے گی۔