1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف مقدمے پر کارروائی بحال

4 دسمبر 2023

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو دھوکہ دہی، اعتماد کو ٹھیس پہنچانے اور رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ وہ ان الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

Israel Premier Netanjahu in Tel Aviv
تصویر: Abir Sultan via REUTERS

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف یروشلم میں آج پیر چار دسمبر کو بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ جنگی حالات کی وجہ سے مقدمے کی سماعت روکنے کی مدت گزشتہ ہفتے ختم ہو گئی تھی۔

تین سال سے زائد عرصے سے جاری مقدمے میں نیتن یاہو پر مبینہ دھوکہ دہی، بھروسہ توڑنے اور رشوت لینے کا الزام ہے۔ اس حوالے سے ان پر تین مختلف مقدمات قائم ہیں جن میں طاقتور میڈیا شخصیات اور دولت مند افراد بھی ملوث ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف کرپشن کا مقدمہ، سماعت مؤخر

غزہ پٹی میں اسرائیلی دفاعی افواج کی کارروائیوں میں وسعت

نیتن یاہو پر کیا الزام ہے؟

ایک مقدمے میں بینجمن نیتن یاہو پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ بطور وزیر اعظم انہوں نے موافق رپورٹنگ کے بدلے میں وزیر مواصلات کی حیثیت سے اسرائیلی ٹیلی کام کمپنی بیزیک کو مراعات کی پیش کش کی تھی۔

ایک اور مقدمے میں نیتن یاہو پر الزام ہے کہ انہوں نے 2007ء سے 2016ء کے درمیان تقریباﹰ سات لاکھ شیکل مالیت کے لگژری تحائف وصول کیے جن میں زیورات، سگار اور گلابی شیمپین شامل ہیں۔ یہ رقم ایک لاکھ 74 ہزار یورو کے برابر بنتی ہے۔ الزام کے مطابق اس کے بدلے انہوں نے ایک قانون کی توسیع کی حمایت کی جس سے اسرائیلی ہالی ووڈ پروڈیوسر آرنن ملچن کو ٹیکس ادائیگی میں لاکھوں روپے کی بچت ہوتی۔

اسرائیل میں رشوت خوری کے الزامات میں 10 سال تک قید یا جرمانے یا پھر دونوں کی سزا ہوسکتی ہے۔ دھوکہ دہی اور اعتماد کی خلاف ورزی پر تین سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

ایک مقدمے میں بینجمن نیتن یاہو پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ بطور وزیر اعظم انہوں نے موافق رپورٹنگ کے بدلے میں وزیر مواصلات کی حیثیت سے اسرائیلی ٹیلی کام کمپنی بیزیک کو مراعات کی پیش کش کی تھی۔تصویر: Abir Sultan via REUTERS

نیتن یاہو نے ہمیشہ ان تمام الزامات کی تردید کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ انہوں نے صرف دوستوں سے تحائف قبول کیے اور کبھی رشوت نہیں مانگی۔

اب کیا ہو سکتا ہے؟

اسرائیلی میڈیا کے مطابق 74 سالہ صدر کو فوری طور پر عدالت میں طلب کیے جانے کی توقع نہیں ہے لیکن آنے والے مہینوں میں انہیں طلب کیا جا سکتا ہے۔

سال 2020ء میں شروع ہونے والا یہ مقدمہ کسی موجودہ اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف پہلا مقدمہ ہے۔

اسرائیلی عدالتی نظام میں تمام فوری نوعیت کے علاوہ مقدمات کی طرح نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ بھی سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل میں دہشت گردانہ حملے کے بعد عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 1200 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

اس حملے کے بعد نیتن یاہو نے ہنگامی جنگی کابینہ تشکیل دی جس نے غزہ پٹی پر مہلک جوابی حملوں کا حکم دیا۔ حماس کے زیر انتظام غزہ میں حکام کے مطابق اب تک ساڑھے پندرہ ہزار سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

ا ب ا/ک م، ر ب (اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں