اسرائیلی ویب سائٹس پر اسلامک اسٹیٹ کے جھنڈے
7 اپریل 2015یروشلم سے آمدہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی حکام نے آج منگل سات اپریل کو بتایا کہ یہ کارروائی فلسطینی نواز ہیکرز کے ایک ایسے گروپ کی ہے، جو اپنے لیے اجتماعی طور پر ’نامعلوم‘ یا Anonymous کا نام استعمال کرتا ہے۔ اس گروپ نے مبینہ طور پر یہ دھمکیاں بھی دے رکھی تھیں کہ وہ اسرائیل کے خلاف ایک ’الیکٹرانک ہولوکاسٹ‘ کی وجہ بنے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ ہیکرز کا یہ گروپ پچھلے چند برسوں سے ہر سال سات اپریل کو اسرائیلی ویب سائٹس پر حملے کرتا ہے اور بظاہر ان حملوں کا مقصد فلسطینیوں کے بارے میں اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔
اسرائیل کے ایک سویلین سائبر سکیورٹی گروپ ’کمپیوٹر ایمرجنسی رِسپانس ٹیم‘ CERT کے مطابق ’نامعلوم‘ کے اس تازہ ترین آن لائن حملے میں آج منگل کے روز درجنوں اسرائیلی ویب سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ ویب سائٹس زیادہ تر اسرائیلی موسیقاروں اور غیر سرکاری تنظیموں کی تھیں جبکہ اس ہیکنگ سے کوئی بڑی سرکاری ویب سائٹ متاثر نہیں ہوئی۔
CERT نے بتایا کہ ان ہیکرز نے متاثرہ اسرائیلی ویب سائٹس پر یروشلم میں بیت المقدس کی تصویروں کے علاوہ ایسے عسکریت پسند مسلمانوں کی تصویریں بھی پوسٹ کر دیں، جو اپنے ہاتھوں میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے جھنڈے پکڑے ہوئے دیکھے جا سکتے تھے۔ اس ہیکنگ کے دوران متاثرہ ویب سائٹس پر جو پیغام پوسٹ کیا گیا، اس کے نیچے لکھنے والے کے نام کے طور پر AnonGhost لکھا ہوا تھا۔
اسی دوران ہیکرز کے اس Anonymous گروپ کی طرف سے ایک ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ اس کی یہ مہم فلسطینی علاقوں میں ان ’اسرائیلی جرائم کا جواب‘ ہے، جن میں ’گزشتہ موسم گرما کی غزہ کی جنگ بھی شامل‘ ہے۔